نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے باوجود امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقوں سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ہفتے کو سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی حالیہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔
گفتگو کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے جون 2026 میں امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے باوجود کشیدگی میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں دوبارہ پیدا ہونے والی کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں اور یہ علاقائی امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں کو نقصان پہنچا رہی ہے۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے کشیدگی میں کمی اور بات چیت کا سلسلہ جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان کے اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ تمام فریق زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور ثالثی کی جاری کوششوں کو کامیاب اور بامعنی نتائج تک پہنچانے کے لیے ضروری وقت اور موقع فراہم کریں۔
ٹیلی فونک گفتگو کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے خطے کی صورت حال کے حوالے سے ایک دوسرے کے ساتھ قریبی رابطے میں رہنے پر بھی اتفاق کیا۔