بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، ترجمان پاک فوج

بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، ترجمان پاک فوج

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے بھارتی فوج کی بلااشتعال اور بزدلانہ جارحیت پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن کے حملوں کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے رات گئے اہم پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کے مختلف علاقوں میں چھ مقامات پر حملے کیے گئے، جن میں 24 سٹرائیکس شامل تھیں۔ ان حملوں کے نتیجے میں اب تک 8 پاکستانی شہری شہید اور 35 زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ 2 افراد لاپتا ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کے مطابق احمد پور شرقیہ میں ہونے والے حملے میں 5 افراد شہید ہوئے، جن میں ایک معصوم تین سالہ بچی بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ مسجد سبحان پر چار حملے کیے گئے، جس میں 5 شہری شہید اور 31 زخمی ہوئے، جن میں 6 خواتین بھی شامل ہیں۔

مظفرآباد کے شاہی علاقے میں مسجد بلال کو نشانہ بنایا گیا جہاں 7 حملے کیے گئے، جس کے نتیجے میں ایک بچی زخمی اور ایک مسجد شہید ہو گئی۔ اسی طرح کوٹلی میں مسجد عباس پر 5 حملوں کے دوران 2 نوجوان شہید ہوئے جن کی عمریں 16 اور 18 سال تھیں، جبکہ ایک ماں اور بیٹی زخمی ہوئیں۔

مرید کے علاقے مغلپورہ میں چار سٹرائیکس کی گئیں، جن میں ایک شہری شہید اور ایک زخمی ہوا، جبکہ دو شہری تاحال لاپتا ہیں۔ وہاں بھی مسجد کو شہید کر دیا گیا اور رہائشی کوارٹرز کو نقصان پہنچا۔

سیالکوٹ کے علاقے کوٹلی لوہاراں میں دو حملے کیے گئے، جن میں ایک گولہ کھلے میدان میں گرا اور خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ شکرگڑھ میں بھی دو حملے کیے گئے، جن میں ایک ڈسپنسری کو نقصان پہنچا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ دشمن کے ان بلاجواز اور غیر انسانی حملوں کا پاک فوج عوام کی حمایت سے بھرپور جواب دے رہی ہے اور دیتی رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان تمام مقامات پر انٹرنیشنل میڈیا کو لے جایا جائے گا تاکہ دنیا بھارت کی اصل جارحیت اور مظالم کا مشاہدہ کر سکے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *