پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب پاکستان کی شہری آبادی پر بزدلانہ حملے میں 26 شہری شہید، 46 زخمی ہوئے ہیں، احمد پور شرقیہ کی مسجد سبحان بہالپور پرحملے میں 13 شہادتیں ہوئیں جبکہ کوٹلی میں 2 بچے شہید ہوئے ہیں۔
بدھ کو میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ بھارت نے پاکستان کے اندرشہری آبادی اور مساجد کو بزدلانہ جارحیت کا نشانہ بنایا ہے جس سے اب تک 26 عام معصوم شہری جن میں مرد خواتین اور معصوم بچے شامل ہیں، شہید ہوئے ہیں جبکہ 46 کے قریب زخمی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے ضلع بہاولپور کے علاقے احمد پور شرقیہ میں بھارتی فورسز کی جانب سے میزائل حملے کے نتیجے میں 7 خواتین، 4 مرد اور 2 بچوں سمیت 13 شہری جاں بحق ہوگئے۔ رہائشی علاقے کو نشانہ بنانے والے اس حملے میں 37 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے کئی بہاول وکٹوریہ اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہمارا دشمن انتہائی بزدل ہے، جس نے شہری آبادی اور اپنی تنگ نظری کے ذریعے مساجد کو نشانہ بنایا، احمد پور شرقیہ میں ایک مسجد پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 37 افراد زخمی ہوئے جن میں 9 خواتین اور 3 کم عمر لڑکیاں شامل ہیں۔ کوٹلی آزاد کشمیر میں ایک اور مسجد عباس کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ایک 16 سالہ لڑکی اور ایک 18 سالہ لڑکا شہید ہو گئے جبکہ ایک ماں اور بیٹی زخمی ہو گئیں۔ مریدکے میں ایک تیسری مسجد کو بھی نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 3 افراد شہید اور ایک زخمی ہوا۔
لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے ایک بچے سمیت مزید 5 شہری شہید ہوگئے۔ تاہم سیالکوٹ اور شکر گڑھ میں ہونے والے حملوں میں خوش قسمتی سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہی مقامات ہیں جہاں مقامی اور غیر ملکی میڈیا اہلکاروں نے منگل کو دورہ کیا اور دیکھا کہ وہاں کچھ بھی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج مریدکے اوربہاولپور کا مقامی اور غیر ملکی میڈیا کا دورہ طے تھا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مساجد پر حملے بھارت کی بزدلی اور تنگ نظری کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے تصدیق کی کہ بھارتی فورسز نے جان بوجھ کر احمد پور ایسٹ اور مریدکے سمیت متعدد شہروں میں مساجد کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ مودی حکومت کی ہندوتوا ذہنیت کی واضح عکاسی کرتا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت کو جتنا موت کا ڈر ہے، ہمیں اتنا ہی شہادت کاشوق ہے، ایل او سی پر بھارت آرٹلری شیلنگ کر رہا ہے، پاکستان نے اب تک محض دفاع کا حق استعمال کیا ہے۔
بھارت کی غلط فہمی کو جلد ٹھیک کردیا جائے گا
انہوں نے کہا کہ بھارت نے اپنی بزدلانہ تاریخ دہرائی ہے، بھارت نے پاکستان کی جری قوم کو للکارا ہے، اس کی اس غلط فہمی کو بھی جلد ٹھیک کر دیا جائے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارت نے نیلم جہلم ہائیڈو پاور پروجیکٹ اور نوسیری ڈیم کے اسٹرکچر کو بھی نشانہ بنایا اور اسے نقصان پہنچایا، بھارت پاکستان کے آبی ذخائر کو تباہ کرنا چاہتا ہے، بھارتی جارحیت کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے ترجمان نے سوال کیا کہ کیا بھارت پاکستان کے عوام کے پانی کو نشانہ بنانا چاہتا ہے؟ کیا بین الاقوامی اور جنگی قوانین کسی ملک کے آبی ذخائر کو نشانہ بنانے کی اجازت دیتے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ بھارت کی آبی جارحیت کے سنگین نتائج ہوں گے، بھارت پاکستان کے آبی ذخائر کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے لیکن اس کا یہ خواب پورا نہیں ہونے دیا جائے گا، اسے ہر محاذ پر پاکستان کی شیر دل افواج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ مسلح افواج نے فوری طور پر بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے اور دشمن کو بھرپور اور بروقت جواب دیا ہے اور یہ سلسلہ ابھی جاری ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج نے 5 بھارتی لڑاکا طیارے اور ایک ڈرون مار گرایا۔ پاک فضائیہ نے بھارتی طیاروں کو پاکستانی سرزمین پر حملے کے وقت مار گرایا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ بھارت کی بزدلانہ کارروائی کے وقت پاکستان کی فضائی حدود میں 57 کے قریب قومی اور بین الاقوامی پروازیں موجود تھیں جو بھارت کے بزدلانہ حملے کی لاپرواہی کی نشاندہی کرتی ہیں۔
پاکستان کا فوری اور فیصلہ کن جواب
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔ پاک فضائیہ نے بٹھنڈا، جموں اور سرینگر جیسے علاقوں میں 3 رافیل طیاروں اور ایک مگ 29 طیارے سمیت 5 بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ دشمن کے طیارے پاکستان پر حملہ کے نتیجے میں مار گرائے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ پاک فوج نے بھارت کے اہم فوجی ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا اور تباہ کیا۔ ان میں انڈین انفنٹری بریگیڈ ہیڈکوارٹرز اور دنا، گفدر، ڈوڈیال، چھتری اور خاکی ٹیکری میں دشمن کی چیک پوسٹوں کو تباہ کرنا شامل تھا۔ بدوری سیکٹر میں پاکستان کے جوابی حملے کے دوران جولی پوسٹ سے 50 بھارتی فوجیوں کے فرار ہونے کی اطلاعات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے مختصر وقت میں منہ توڑ جواب دیا۔ پاک فضائیہ نے کسی بھی بھارتی طیارے کو اپنے علاقے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فضائیہ کے طیاروں کے علاوہ پاکستان کے تمام فوجی اور اسٹریٹجک اثاثے مکمل طور پر محفوظ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مریدکے اور بہاولپور جیسے علاقوں میں ملکی اور بین الاقوامی میڈیا کے آج کے طے شدہ دوروں نے شفافیت فراہم کی اور بھارتی پروپیگنڈے کی نفی کی کیونکہ یہ وہی علاقے ہیں جنہیں اب بھارتی افواج نشانہ بنا رہی ہیں۔
جنگ بندی کی خلاف ورزی، عزائم بے نقاب
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ تازہ ترین بھارتی اقدام لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی ایک اور سنگین خلاف ورزی اور خطرناک کشیدگی کی نشاندہی کرتا ہے۔ پاکستانی حکام نے اس واقعے کو ‘افسوسناک اور بزدلانہ کارروائی’ قرار دیا ہے اور اس معاملے کو تمام متعلقہ بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر اٹھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا لیکن اپنے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔