اسلام آباد ۔ نائب وزیر اعظم و وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے جاپان کے وزیر خارجہ اوایا تا کیشی نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔ دونوں رہنماوں کے درمیان ہونے والی گفتگو میں خطے کی تازہ صورتحال اور پاک بھارت کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے جاپانی وزیر خارجہ کو بھارت کی جانب سے غیر قانونی اقدامات اور حالیہ جارحیت سے آگاہ کیا۔ اسحاق ڈار نے بتایا کہ بھارتی حملوں کے نتیجے میں بے گناہ پاکستانی شہری، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، شہید ہوئے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کیا ہے، تاہم حکومت پاکستان اپنی علاقائی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
جاپانی وزیر خارجہ اوایا تا کیشی نے خطے کی کشیدہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور بے گناہ شہریوں کے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔ جاپانی وزیر خارجہ نے زور دیا کہ پاکستان اور بھارت دونوں تحمل کا مظاہرہ کریں اور ڈائیلاگ و سفارتکاری کو موقع دیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔