پاک فضائیہ نے ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے بھارتی ملٹری سیٹلائٹ کو مکمل طور پرجام کر دیا ہے، جس کے بعد یہ سیٹلائٹ غیر فعال ہو چکا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فضائیہ (PAF) کی سائبر اور الیکٹرانک وارفیئر یونٹس نے بھارتی فوجی سیٹلائٹ کو ٹارگٹ کر کے اس کی کمیونیکیشن اور نیویگیشن صلاحیتوں کو مکمل طور پر مفلوج کر دیا ہے، یہ کارروائی بھارت کی جانب سے پاکستان پر تین ایئربیسز پر حملوں اور مزید ڈرون حملوں کے بعد کی گئی جوابی کارروائی کا حصہ ہے۔
بھارتی عسکری سیٹلائٹ کا غیر فعال ہونا بھارت کی جنگی صلاحیتوں پر بڑا دھچکا تصور کیا جا رہا ہے، کیونکہ یہ سیٹلائٹ بھارتی افواج کے کمانڈ اینڈ کنٹرول، جاسوسی اور اہدافی نظام کا اہم حصہ تھا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستانی ڈرونز نئی دہلی اور گجرات کی فضاؤں میں پرواز کرتے پائے گئے اور بھارت کی کئی عسکری و حساس ویب سائٹس کو ہیک اور ڈیٹا لیک کیا جا چکا ہے۔
علاوہ ازیں سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارتی دفاعی نظام جے ایف 17 تھنڈرز کے ہائپرسونک میزائلوں نے اڑایا، بھارت کے دفاعی نظام ایس 400 کی مالیت ڈیڑھ ارب ڈالر ہے۔
واضح رہے کہ ترجمان پاک فوج نے بھارت کو خبردار کیا تھا کہ وہ اپنی حالیہ کارروائیوں کے بعد پاکستان کے جواب کے لیے تیار رہے۔
اس سے قبل، ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا تھا کہ بھارت نے پاکستان میں 3 ائیربیسز پر میزائل داغے جسے ایئرڈیفنس سسٹم نے ناکارہ بنادیا اور پاک فضائیہ کے تمام اثاثے محفوظ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے ایئر بیسز پر داغے گئے میزائلوں کو ایئر ڈیفنس سسٹم نے ناکام بنایا، پاکستان کے پاس میزائل حملوں کے الیکٹرونک شواہد موجود ہیں کہ یہ میزائل کہاں سے داغے گئے۔