پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کی بار بار جارحیت کے جواب میں آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کا آغاز کیا اور پاکستان کی فتح کو یقینی بنایا، اب بال بھارتی کورٹ میں چلی گئی ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج مکمل طور پر تیار ہیں اور ملک صورتحال کے پیش نظر کوئی خطرہ مول لینے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ’ہم نے یہ کارروائی خالصتاً دفاعی اقدام کے طور پر کی ہے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ خطے کو غیر مستحکم کرنے میں بھارت کے کردار پر اس سے باز پرس کرے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دنیا کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت کو اس کی غلطی کی سنگینی سے آگاہ کرے۔
نائب وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران غلط معلومات پھیلاتا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت مسلسل جھوٹ بول رہا ہے اور ہم پر خفیہ میزائل اور ڈرون حملے کر رہا ہے، بھارت کوئی جوہری برتری ثابت نہیں کر سکے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان بار بار اشتعال انگیزی کے سامنے خاموش نہیں رہے گا۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ بھارت بیٹھ کر انتظار کرتا رہے۔
ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان نے آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کے تحت اپنی فوجی اور سائبر کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں، جس میں حالیہ سرحد پار جھڑپوں کے جواب میں بھارتی فوجی تنصیبات اور اسٹریٹجک انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔