ہالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار وِل اسمتھ نے کہا ہے کہ بے پناہ دولت اور دنیا کی ہر آسائش بھی انسان کو حقیقی خوشی نہیں دے سکتی، کیونکہ خوشی کا تعلق مادی چیزوں سے نہیں بلکہ انسان کے باطن سے ہوتا ہے۔
حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے وِل اسمتھ سے ان کی مبینہ 35 کروڑ ڈالر کی مجموعی دولت کے بارے میں سوال کیا گیا، جس پر انہوں نے کہا کہ وہ اس قسم کے اعداد و شمار پر بحث نہیں کرتے، کیونکہ دولت انسان کو حقیقی سکون یا خوشی نہیں دے سکتی۔
اداکار نے کہا کہ جب انسان اپنی پسند کی ہر چیز خرید لیتا ہے اور اسے محسوس ہوتا ہے کہ دنیا میں ایسی کوئی شے باقی نہیں رہی جو وہ حاصل نہ کر سکے، تب اسے احساس ہوتا ہے کہ مادی چیزیں اندر کا خلا نہیں بھر سکتیں۔
انہوں نے اس کیفیت کو کھارا پانی پینے سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح کھارا پانی جتنا زیادہ پیا جائے، پیاس اتنی ہی بڑھتی ہے، اسی طرح دولت اور آسائشیں بھی انسان کی اندرونی تشنگی ختم نہیں کرتیں۔
وِل اسمتھ کے مطابق زندگی کا سب سے بڑا سبق یہ ہے کہ نہ دولت، نہ شہرت اور نہ ہی مادی کامیابیاں حقیقی خوشی کی ضمانت ہیں، کیونکہ اصل خوشی ایک روحانی اور باطنی کیفیت ہے، جسے کسی قیمت پر خریدا نہیں جا سکتا۔
اداکار کے اس بیان کو سوشل میڈیا پر بھی خوب سراہا جا رہا ہے، جہاں صارفین اسے زندگی کی ایک اہم حقیقت قرار دے رہے ہیں۔