فیصل واوڈا کا دفاعی بجٹ میں 3، فوج کی تنخواہوں میں 2گنا اضافے کا مطالبہ

فیصل واوڈا کا دفاعی بجٹ میں 3، فوج کی تنخواہوں میں 2گنا اضافے کا مطالبہ

سینیٹر فیصل واوڈا نے دفاعی بجٹ میں 3، فوج کی تنخواہوں میں 2گنا اضافے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر ہم دفاع میں ذرا سی بھی کمزوری کا مظاہرہ کریں گے تو میدان جنگ میں ہماری فتوحات کا اثر ختم ہو جائے گا۔ انکا کہنا تھا کہ ہماری تنخواہیں بند کر دیں یا سڑکوں پر بیٹھا دیں لیکن فورسز کی تنخواہوں میں بڑااضافہ کیا جانا چاہیے۔

پارلیمنٹ کے باہرآزاد ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئےسینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ حکومت کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کیساتھ بیٹھناچاہیے بات چیت کے عمل کو آگے بڑھانا چاہیے۔ انہوں نےاسٹیبلشمنٹ اور پی ٹی آئی کے مابین مذاکرات کے حوالے سے چلنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے اور کہا کہ ان میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ اسٹیبلشمنٹ کو نہ تو پی ٹی آئی کیساتھ پہلے مذاکرات میں کوئی دلچسپی تھی اور نا ہی اب ہے، اس حوالے سے نہ ہی کوئی پیشکش کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پانی کی دھمکی دی گئی تو پہلا حملہ پاکستان کرے گا، پورا پاکستان اپنی فوج کے پیچھے کھڑا ہے، فیصل واوڈا

انہوں نے کہا کہ حکومت کو پارلیمنٹ کا دروازے بند کر دے، ہماری تنخواہیں نہ دے ،یا ہمیں پارلیمنٹ کی بجائے سٹرکوں پر بیٹھا دے اس سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن دفاعی بجٹ میں اضافہ ہونا چاہیے ، فورسز کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جانا چاہیے۔

قبل ازیں جمعرات کو سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا نے پاکستان کے دفاعی بجٹ میں خاطر خواہ اضافے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج نے محدود وسائل کے باوجود بھارت کے خلاف بڑی فتح حاصل کی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ترجیحی بنیادوں پر ترقیاتی فنڈز کو مسلح افواج کے جوانوں کی تنخواہوں کو 2گنا کرنے کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔

سینیٹ اجلاس کے دوران فیصل واوڈا نے دفاعی بجٹ کو 3 گنا کرنے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگر دیگر شعبوں میں قربانیاں دینی پڑیں تو بھی قومی سلامتی پر سمجھوتا نہیں کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ہم دفاع میں ذرا سی بھی کمزوری کا مظاہرہ کریں گے تو میدان جنگ میں ہماری فتوحات کا اثر ختم ہو جائے گا۔ فیصل واوڈا نے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جنرل عاصم منیر نے فورسز کو بھارت کے خلاف کارروائیوں کے دوران شہریوں کو نشانہ نہ بنانے کی ہدایت کی تھی جو کہ انتہائی خوش آئند بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں بھی فوج نے اسٹریٹجک فتح کے باوجود انسانیت کی عکاسی کی ہے۔ سینیٹ کے اجلاس میں سینیٹرز کی جانب سے خضدار میں اسکول بس پر حالیہ حملے کی بھی شدید مذمت کی گئی جسے انہوں نے بھارتی حمایت یافتہ پراکسیز سے منسوب کیا۔

سینیٹرز نے دہشتگردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا اور جنرل سید عاصم منیر کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے پر کے وزیراعظم شہباز شریف کے فیصلہ کو خراج تحسین پیش کیا۔

مزید پڑھیں:فیصل واوڈا نے نیشنل ایکشن پلان کا اجلاس فوری بلانے کی تجویز دیدی

سینیٹر فیصل واوڈا نے حکومت پر زور دیا کہ وہ اپوزیشن کے ساتھ سیاسی اختلافات کو حل کرے اور دنیا کے سامنے اتحاد کو ظاہر کرے۔ بلاول بھٹو زرداری بین الاقوامی برادری کو آگاہ کرنے کے لیے ایک وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔

ہم اس جنگ کو اس کے منطقی انجام تک پہنچائیں گے، اگر ضرورت پڑی تو ہم دشمن کی لائنوں کے اندر بھی حملہ کریں گے۔ ہم متحد ہیں، دفاع محفوظ ہاتھوں میں ہے اور جواب دینے کے لیے بھی تیار ہیں۔

انہوں نے آخر میں اس بات پر زور دیا کہ سفارتی اور معاشی محاذوں پر بھی فتح حاصل کی جانی چاہیے۔ خضدار اسکول حملے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم پرامن لوگ ہیں اور جنگ نہیں چاہتے لیکن معصوم بچوں کی شہادت کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *