مظفرآباد ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پہلگام واقعہ افسوس ناک تھا، لیکن بھارت نے اس واقعہ کو بنیاد بنا کر پاکستان پر بلاجواز الزامات عائد کیے اور تحقیقات کی پیش کش کو نظر انداز کرتے ہوئے جارحیت کا ارتکاب کیا۔
وزیراعظم نے یہ بات مظفرآباد میں بھارتی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے افراد کے ورثا میں امدادی رقوم کی تقسیم کی ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دنیا کے سامنے بھارتی الزامات کا جھوٹا اور بے بنیاد ہونا واضح کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے معرکۂ حق میں دشمن کو ایسا جواب دیا کہ بھارت کو ہمیشہ یاد رہے گا۔ انہوں نے کہا: اب مودی سرکار پاکستان پر دوبارہ حملہ کرنے سے پہلے سو بار سوچے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نے صرف دفاع کا حق استعمال کیا اور شہری آبادی کو نشانہ بنانے سے گریز کیا۔ ہم نے بھارتی جارحیت کا جواب دیتے ہوئے دشمن کے چھ جنگی جہاز مار گرائے، جو ہماری دفاعی صلاحیت اور قومی عزم کا مظہر ہے، انہوں نے کہاکہ مظفرآباد کے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور حکومت ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔