پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہےکہ پارٹی بانی عمران خان نے حکومت کیخلاف احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران بیرسٹر علی ظفرنے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی نے ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک اسلام آباد تک محدود نہیں رہے گی بلکہ پورے ملک میں چلائی جائے گی۔ علی ظفر نے بانی کے حوالے سے کہا کہ انہیں اور پی ٹی آئی کو دیوار سے لگا دیا گیا ہے اور ان کے پاس سڑک پر آنے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں بچا ہے۔
انہوںنے کہا کہ بانی پی نے کہا کہ احتجاج ملک بھر میں کیا جائے گا اور وہ وہاں سے تمام متعلقہ ہدایات جاری کرکے جیل سے ان کی قیادت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے انہیں احتجاجی لائحہ عمل تیار کرنے کا ٹاسک دیا تھا جسے وہ وکلاء اور پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد پی ٹی آئی بانی سے اگلی ملاقات میں پیش کریں گے ۔ سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی اس تحریک میں سنجیدہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ احتجاج پہلے کے برعکس ہوگا۔ عمران خان نے زور دیکر کہا کہ اس بار تحریک کے نتائج حاصل کرنا ہوں گے جبکہ رکاوٹوں کی توقع کی جاتی ہے، وہ جانتے ہیں کہ ان پر کیسے قابو پانا ہے ۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ احتجاجی تحریک کی حکمت عملی چند روز میں طے کر لی جائے گی ۔ آئندہ اجلاس کے بعد عمران خان خود ذمہ داریاں سونپیں گے۔
جہاں تک پارٹی قیادت کا تعلق ہے، عمران خان نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا لیکن واضح کیا کہ وہ ذاتی طور پر تحریک کی قیادت کریں گے ۔ بیرسٹر علی ظفر کے مطابق قیدی رہنما نے کہا کہ انہیں عدلیہ یا ایگزیکٹو سے کوئی ریلیف نہیں مل رہا۔ انہوں نے کہا کہ 5 جون کو سماعت ہوتی ہے یا نہیں یہ ایک سوال ہے، انہیں امید ہے کہ ریلیف مل جائے گا۔