حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کے بعد مزید دو اور پیٹرولیم مصنوعات جن میں مٹی کا تیل اور جیٹ فیول شامل کی قیمتوں میں بھی کمی کر دی ہے۔اوگرا نوٹفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 41 روپے 44 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جبکہ جیٹ فیول کی قیمت میں 48 روپے 80پیسے کمی کر دی گئی ہے
نئی قیمت کے مطابق مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت 313 روپے 44 پیسے سے کم ہو کر 272 روپے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے اسی طرح جیٹ فیول کی قیمت میں کمی کے بعد جیٹ فیول کا نیا ریٹ 283 روپے 52 پیسے ہوگیا ہے۔حالیہ قیمتوں میں اس نمایاں کمی کے بعد عوام کو کچھ ریلیف ملنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔جیٹ فیول کی قیمت کم ہونے سے ہوائی جہازوں کے ٹکٹس میں بھی کمی کا امکان ہے
اس سے قبل حکومت کی جانب سے حالیہ پالیسی میں پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی میں رد و بدل بھی کیا گیا ہے۔ پیٹرول پر پٹرولیم لیوی میں 10 روپے 83 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرولیم لیوی 102.17 روپے سے کم ہو کر 91.34 روپے فی لیٹر رہ گئی ہے۔
دوسری جانب ڈیزل پر لیوی میں اضافہ کیا گیا ہے جس کے تحت 10 روپے 93 پیسے فی لیٹر اضافہ کر کے لیوی 58 روپے سے بڑھا کر 68.93 روپے فی لیٹر کر دی گئی ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق لیوی میں یہ رد و بدل مجموعی مالی پالیسی اور ریونیو ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ تاہم عوامی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ معاشی دباؤ کے باوجود زیادہ سے زیادہ آسانیاں فراہم کی جائیں۔