حکومت نے پیٹرولیم لیوی میں ردوبدل کرتے ہوئے ایک طرف پیٹرول استعمال کرنے والوں کو ریلیف دیا ہے تو دوسری جانب ڈیزل پر لیوی بڑھا کر ریونیو کا توازن برقرار رکھنے کی حکمت عملی اختیار کر لی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کے مطابق پیٹرول پر عائد لیوی میں 10 روپے 83 پیسے فی لیٹر کمی کر دی گئی ہے جس کے بعد یہ 102 روپے 17 پیسے سے کم ہو کر 91 روپے 34 پیسے فی لیٹر رہ گئی ہے۔
دوسری جانب حکومت نے ہائی اسپیڈ ڈیزل پر لیوی میں 10 روپے 93 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے۔ ڈیزل پر لیوی 58 روپے سے بڑھا کر 68 روپے 93 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل پر لیوی میں یہ ردوبدل مجموعی ریونیو کو برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔ حکومت نے ایک طرف پیٹرول پر بوجھ کم کیا تو دوسری طرف ڈیزل پر اضافی لیوی عائد کرکے مالی خسارے کو متوازن بنانے کی کوشش کی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق مٹی کے تیل پر عائد لیوی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور یہ بدستور 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی۔
ڈیزل پر لیوی میں اضافے کے اثرات بالواسطہ طور پر ٹرانسپورٹ، زرعی شعبے اور اشیائے ضروریہ کی ترسیل کے اخراجات پر پڑ سکتے ہیں جبکہ پیٹرول پر لیوی میں کمی سے نجی گاڑیوں اور موٹر سائیکل استعمال کرنے والوں کو نسبتاً ریلیف ملے ۔
حکومت نے پیٹرولیم لیوی کے ڈھانچے میں ایسی تبدیلی کی ہے جس سے ایک جانب عوامی ردعمل کم رکھا جا سکے اور دوسری جانب محصولات میں نمایاں کمی بھی نہ آنے پائے۔

