امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے امید ظاہر کی ہے کہ صدر ٹرمپ اپنے دور صدارت میں مسئلہ کشمیر حل کرسکیں گے۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس نے بلاول بھٹو کی قیادت میں پاکستانی وفد کے دورہ امریکا سے متعلق سوالات کے جوابات دیتے کہا کہ پاکستانی وفد سے دہشتگردی کیخلاف تعاون، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو ہوئی، شکر ہے بھارت اورپاکستان کے درمیان جنگ بندی ہوچکی۔
ٹیمی بروس نے تصدیق کی کہ پاکستانی وفد نے امریکا کی انڈر سیکریٹری برائے سیاسی امور ایلیسن ہُوکر سے ملاقات کی، جس میں ایلیسن ہوکر نے پاک بھارت جنگ بندی سے متعلق امریکی حمایت کا اعادہ کیا۔
ترجمان محکمہ خارجہ نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے ذہن میں کیا ہے، وہ اس پر بات نہیں کرسکتی، تاہم صدر ٹرمپ کا ہر قدم نسلوں کے درمیان جنگ، اختلافات ختم کرنے سے متعلق ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ باعث حیرت نہیں ہونا چاہیے کہ صدر ٹرمپ پاک بھارت مسائل مینج کرنا چاہتے ہیں، صدر ٹرمپ نے ایسے لوگوں کو مذاکرات کی میز پر بٹھایا جن کے بارے میں تصور بھی نہ تھا۔
ٹیمی بروس نے کہا کہ یہ دلچسپ لمحہ ہے کہ ہم اس تنازعہ سے متعلق کسی نکتہ پر پہنچ سکیں ، اس ضمن میں صدر ٹرمپ، نائب صدر اور وزیر خارجہ کا شکر گزار ہونا چاہیے۔