پاکستان کی موٹر سائیکل مارکیٹ کے لیے اپریل 2026 کا مہینہ انتہائی خوش آئند ثابت ہوا ہے، مارکیٹ میں موٹر سائیکلز کی فروخت میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک کی بڑی آٹو کمپنیوں کی فروخت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو کہ عوام کی قوتِ خرید میں بہتری اور موٹر سائیکل کی بڑھتی ہوئی مانگ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ایٹلس ہونڈا مارکیٹ کا بے تاج بادشاہ
پاکستان میں موٹر سائیکل سازی کے سب سے بڑے ادارے ’ایٹلس ہونڈا‘ نے ایک بار پھر اپنی برتری ثابت کر دی ہے۔ اپریل میں ہونڈا نے 163000 سے زیادہ موٹر سائیکلیں فروخت کیں۔ مارچ کے مقابلے میں یہ اضافہ غیر معمولی ہے۔
ماہرین کے مطابق ہونڈا کی مضبوط ری سیل ویلیو اور پائیداری ہی وہ عوامل ہیں جن کی وجہ سے شہری اسے پہلی ترجیح دیتے ہیں۔
پاک سوزوکی سب سے بڑی ترقی
پاک سوزوکی نے اپریل کے مہینے میں سب سے زیادہ حیران کن نتائج دیے ہیں۔ جس کے مطابق کمپنی کی فروخت 2766 یونٹس سے بڑھ کر 3550 یونٹس تک پہنچ گئی ہے۔
یہ تقریباً 28 فیصد کا شاندار اضافہ ہے، جو ظاہر کرتا ہے کہ پریمیم موٹر سائیکلوں کے طبقے میں بھی سوزوکی اپنا لوہا منوا رہی ہے۔
کم قیمت طبقے میں مقبولیت برقرار
سستی موٹر سائیکلوں کے لیے مشہور ’یونائیٹڈ آٹو‘ نے بھی اپنی ترقی کا تسلسل برقرار رکھا ہے۔ اپریل میں یونائیٹڈ کی فروخت 17869 یونٹس سے بڑھ کر 21126 یونٹس ہو گئی۔
کمپنی نے اپنی فروخت میں 18 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا ہے، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ متوسط طبقے میں اب بھی اس کی مانگ بہت زیادہ ہے۔
موٹر سائیکل مارکیٹ کی اہمیت
پاکستان میں پبلک ٹرانسپورٹ کے محدود وسائل اور گاڑیوں کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتوں کی وجہ سے موٹر سائیکل ’عوام کی سواری‘ بن چکی ہے۔
گزشتہ چند سالوں میں مہنگائی اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافے نے متوسط اور غریب طبقے کو گاڑیوں سے دور کر کے دو پہیوں والی سواری پر مجبور کر دیا ہے۔ اپریل 2026 کے یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ معاشی چیلنجز کے باوجود یہ سیکٹر پاکستان کی آٹو انڈسٹری کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔
فروخت میں اضافے کی وجوہات
مارکیٹ میں اس اضافے کو مختلف تناظر میں دیکھا جا رہا ہے جس کے مطابق نئی اور پرانی گاڑیوں کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں، جس کا براہِ راست فائدہ موٹر سائیکل کمپنیوں کو ہو رہا ہے۔
پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں نے لوگوں کو مجبور کیا ہے کہ وہ روزمرہ کے کاموں اور دفتر جانے کے لیے گاڑی کے بجائے موٹر سائیکل استعمال کریں تاکہ ماہانہ بجٹ کو متوازن رکھا جا سکے۔
رائیڈ ہیمنگ ایپس (جیسے بائیکیا، کریم وغیرہ) اور ڈیلیوری سروسز کے بڑھتے ہوئے رجحان نے بھی موٹر سائیکلوں کی مانگ میں اضافہ کیا ہے۔ ہونڈا جیسے برانڈز پر عوام کا اندھا اعتماد ان کی سیلز کو مستحکم رکھتا ہے۔