ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف نے جناح یونیورسٹی برائے خواتین کراچی کا دورہ کیا، جہاں یونیورسٹی آمد پر انتظامیہ اور طالبات نے ان کا پُرجوش استقبال کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دورے کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے طالبات کو “آپریشن بنیان مرصوص” میں دشمن کے ناپاک ارادوں کو نیست و نابود کرنے کے حوالے سے پاک افواج کی حکمت عملی اور قربانیوں سے آگاہ کیا۔
لیفٹننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ “آپریشن بنیان مرصوص” میں پاکستانی عوام، بالخصوص طلباء و طالبات نے کلیدی کردار ادا کیا اور بھارتی اسٹریٹجک مفروضوں کو ہمیشہ کے لیے زمین بوس کر دیا۔
انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ کوئی شک نہیں کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ مزید برآں، ڈی جی نے کہا کہ بلوچستان کی عوام پاکستان کے ساتھ مذہب، ثقافت اور روایات کے رشتوں میں بندھی ہوئی ہے، اور فتنہ الہندوستان کے مٹھی بھر دہشت گرد بلوچستان کے ان رشتوں کو نقصان نہیں پہنچا سکتے۔
یونیورسٹی انتظامیہ اور طالبات کی جانب سے پاک فوج کو جنگ میں کامیابی پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
طالبات نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا، “ہم پاک افواج سے ہیں اور پاک افواج عوام سے ہیں۔” ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام اور افواج کا رشتہ ہمیشہ سے انتہائی مضبوط تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا۔