پاکستان تحریک انصاف کی عبوری رجسٹریشن سے متعلق عدالت کا بڑا فیصلہ

پاکستان تحریک انصاف کی عبوری رجسٹریشن سے متعلق عدالت کا بڑا فیصلہ

سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر نے پاکستان تحریک انصاف کی عبوری رجسٹریشن سے متعلق آزاد جموں و کشمیر ہائیکورٹ کا 23 جون کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کی دائر کردہ اپیل پر فل بینچ تشکیل دے دیا ہے۔

چیف جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے ابتدائی سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کی درخواست منظور کرتے ہوئے ہائیکورٹ کے فیصلے پر حکمِ امتناع جاری کیا اور کیس کی مزید سماعت 2 جولائی 2026 تک ملتوی کر دی۔

دورانِ سماعت الیکشن کمیشن نے مؤقف اختیار کیا کہ ہائیکورٹ نے درخواست میں کی گئی استدعا سے بڑھ کر ریلیف دیا، جو قانونی دائرہ کار سے تجاوز ہے اس لیے اس فیصلے کو کالعدم قرار دیا جانا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں :حکومت اور پی ٹی آئی مذاکرات کی صورتحال کیا ہے ؟ بیرسٹر گوہر نے سب بتا دیا

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے وکیل نے ہائیکورٹ کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ فیصلہ قانون اور آئین کے مطابق دیا گیا، لہٰذا اسے برقرار رکھا جائے اور پارٹی کی رجسٹریشن بحال رہنے دی جائے۔

یاد رہے کہ آزاد جموں و کشمیر ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں الیکشن کمیشن کو پاکستان تحریک انصاف کی رجسٹریشن کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے خلاف الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر سے رجوع کیا۔

سپریم کورٹ کی جانب سے ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کیے جانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کو فی الحال انتخابی نشان بلا دستیاب نہیں ہوگا اور حتمی عدالتی فیصلے تک اس کی حیثیت غیر یقینی رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں :پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی کی رکنیت معطل کردی گئی

واضح رہے کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 27 جولائی کو منعقد ہونا ہیں اور پاکستان تحریک انصاف پہلے ہی اپنے امیدواروں کا اعلان کر چکی ہے۔

تازہ عدالتی حکم کے بعد حتمی فیصلے تک پارٹی کے امیدواروں کو انتخابی عمل میں آزاد امیدواروں کی حیثیت سے حصہ لینا پڑ سکتا ہے، جب تک عدالت اس معاملے پر اپنا حتمی فیصلہ جاری نہیں کر دیتی۔

editor

Related Articles