بھارتی حکومت نے پاکستان کے ڈراموں اور دیگر شوبز مواد دکھانے والے یوٹیوب چینلز پر عائد پابندی ختم کر دی ہے۔
22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں ہونے والے حملے کو جواز بنا کر بھارتی حکومت نے پاکستان کے متعدد نیوز چینلز، معروف شخصیات کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس، اور پاکستانی ڈرامے نشر کرنے والے مشہور یوٹیوب شوبز چینلز کو بند کر دیا تھا۔
اس دوران اے آر وائی ڈیجیٹل، جیو ٹی وی اور ہم ٹی وی کے یوٹیوب چینلز کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دے کر ان پر مکمل پابندی عائد کی گئی تھی۔
اب حالیہ رپورٹس کے مطابق بھارت نے ان یوٹیوب چینلز پر عائد پابندی ہٹا دی ہے، جس کے بعد یہ چینلز بھارتی ناظرین کے لیے دوبارہ قابلِ رسائی ہو گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سابق بھارتی افسران کا سپریم کورٹ کو خط، مقبوضہ کشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی کا مطالبہ
اگرچہ بھارتی حکام کی جانب سے اس بحالی پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم میڈیا ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ممکنہ طور پر دونوں ممالک کے درمیان ڈیجیٹل کشیدگی کم کرنے اور آن لائن مکالمہ بحال کرنے کی ایک کوشش ہے۔
پاکستانی ڈرامے بھارت میں بے حد مقبول ہیں، اور پابندی کے باعث ان کی مقبولیت پر وقتی اثر پڑا تھا۔ تاہم اب چونکہ یہ پابندی ختم ہو چکی ہے، بھارتی ناظرین بغیر وی پی این کے پاکستانی ڈرامے یوٹیوب پر بآسانی دیکھ سکیں گے۔
ادھر بھارتی صارفین نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ وہ اپنی ٹائم لائن پر کچھ پاکستانی فنکاروں کی پوسٹس دوبارہ دیکھ رہے ہیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ کچھ معروف فنکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر عائد پابندی بھی ہٹا لی گئی ہے۔
View this post on Instagram