پاکستان کے معروف سابق پروڈیوسر کاظم پاشا نے سینئر اداکار عدنان صدیقی سے متعلق ایک دلچسپ واقعہ بیان کیا ہے، جس کے بعد خود عدنان صدیقی نے بھی اس پر ردعمل دیتے ہوئے معذرت کرلی۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران کاظم پاشا نے ماضی کی یادیں تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایک ڈراما سیریل کی شوٹنگ کے دوران عدنان صدیقی کی بعض فرمائشوں نے انہیں خاصی پریشانی میں مبتلا کردیا تھا۔
کاظم پاشا کے مطابق، عدنان صدیقی نے شوٹنگ پر اپنے منیجر، تین بیٹیوں اور ان کی آیا کو بھی ساتھ لے جانے کی شرط رکھی، جس سے پروڈکشن کے اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوگیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پروڈکشن ٹیم نے اس فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا، تاہم بطور مرکزی اداکار عدنان صدیقی کی وجہ سے ان کی درخواست ماننا پڑی۔
انہوں نے ایک اور واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ اعجاز اسلم کے گھر ہونے والی ایک شوٹنگ کے دوران بھی عدنان صدیقی نے مختلف کھانوں کی فرمائش کی اور کہا کہ جب تک مخصوص جگہ سے کھانا نہیں آئے گا، وہ شوٹنگ نہیں کریں گے۔ کاظم پاشا کے مطابق، ان حالات سے تنگ آکر وہ سیٹ چھوڑ کر چلے گئے۔
تاہم کاظم پاشا نے یہ بھی واضح کیا کہ ان تمام واقعات کے باوجود عدنان صدیقی نے کبھی ان کے ساتھ بدتمیزی نہیں کی۔ ان کے بقول، عدنان صدیقی ان کی بیٹیوں سے بھی بے حد محبت کرتے ہیں اور ان کے ذاتی تعلقات ہمیشہ خوشگوار رہے ہیں۔
کاظم پاشا کے انٹرویو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عدنان صدیقی نے بھی اس پر اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں ردعمل دیا۔
عدنان صدیقی نے کہا، “کاظم صاحب، وہ تنگ کرنا نہیں تھا، وہ تو میری شرارتیں تھیں۔ خیر، پھر بھی میں اپنی ان حرکتوں پر بہت شرمندہ ہوں۔ آپ سے دل سے معافی چاہتا ہوں، مجھے معاف کر دیجیے، آئندہ کبھی ایسا نہیں ہوگا۔”
عدنان صدیقی کے اس ردعمل کو سوشل میڈیا صارفین نے خوش دلی اور مثبت رویے کی مثال قرار دیا، جبکہ کئی صارفین نے دونوں شخصیات کے درمیان احترام اور محبت بھرے تعلق کو بھی سراہا۔

