میکسیکو کی ریاست جیلِسکو کے شہر لیگوس ڈی مورینو میں ایک پراسرار شخص یا گروہ کی کارروائیوں نے شہریوں اور حکام کو حیران کر دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق نامعلوم افراد موٹر سائیکل چوروں کو ڈکٹ ٹیپ سے بجلی کے کھمبوں کے ساتھ باندھ کر چھوڑ دیتے ہیں، جہاں سے بعد ازاں پولیس انہیں اپنی تحویل میں لے لیتی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ غیرمعمولی سلسلہ جون کے وسط میں شروع ہوا۔ 13 جون کو پہلا شخص بجلی کے کھمبے سے بندھی ہوئی حالت میں ملا، جس کی پیشانی پر ’’چور‘‘لکھا ہوا تھا، جبکہ اس کے قریب ایک مبینہ طور پر چوری شدہ موٹر سائیکل بھی موجود تھی۔
اس واقعے کے بعد اب تک کم از کم مزید چار افراد اسی انداز میں مختلف مقامات سے برآمد ہو چکے ہیں، جس کے باعث اس پراسرار کارروائی نے سوشل میڈیا اور مقامی آبادی میں بھی خاصی توجہ حاصل کر لی ہے۔
مقامی شہریوں کا خیال ہے کہ یہ کارروائیاں کسی ایک نامعلوم وِجلانٹے (خود ساختہ انصاف کرنے والے شخص) کی جانب سے کی جا رہی ہیں، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ اس کے پیچھے ایک منظم گروہ بھی ہو سکتا ہے۔ حیران کن طور پر کھمبوں سے بندھے ملنے والے افراد نے بھی اب تک اس حوالے سے کوئی واضح بیان نہیں دیا۔
جیلِسکو سیکریٹریٹ آف پبلک سیکیورٹی کے سربراہ ہوان پیبلو ہرنینڈز کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور حکام ذمہ دار افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے شواہد اکٹھے کر رہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ کھمبوں سے بندھے ملنے والے پانچوں افراد کو فی الحال متاثرہ افراد تصور کیا جا رہا ہے اور کسی بھی شخص یا گروہ کو قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، چاہے اس کا مقصد جرائم کی روک تھام ہی کیوں نہ ہو۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی جرم کی صورت میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رجوع کریں اور خود انصاف کرنے کی کوشش نہ کریں۔