نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کوالالمپور میں منعقدہ 32ویں آسیان ریجنل فورم کے موقع پر عالمی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان کے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور علاقائی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور روس کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور آئندہ ہفتے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں دوبارہ ملاقات پر اتفاق کیا۔
اسحاق ڈار نے آسٹریلوی وزیر خارجہ سینیٹر پینی وونگ سے بھی ملاقات کی۔ دونوں فریقین نے پاکستان اور آسٹریلیا کے دیرینہ تعلقات کو سراہا اور تجارت، تعلیم اور عوامی رابطوں کے فروغ کے لیے تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
اسحاق ڈار نے اس ملاقات کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن اور کرکٹ دونوں ممالک کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔ دونوں ممالک نے موجودہ 1.186 بلین ڈالر کی دو طرفہ تجارت کو بڑھانے، تعلیمی شراکت داری کو فروغ دینے اور اعلیٰ سطح کے سیاسی روابط کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔
ایک علیحدہ ملاقات میں اسحاق ڈار نے سری لنکن وزیر خارجہ وجیتھا ہیرا تھ سے بھی ملاقات کی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور سری لنکا کے مضبوط تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور معیشت، مذہبی سیاحت اور تعلیم سمیت اہم شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اسحاق ڈار نے عوامی رابطوں اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے دیرینہ تعلقات مشترکہ علاقائی مفادات اور تاریخی روابط پر مبنی ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے جنوبی ایشیا اور عالمی سطح پر حالیہ جغرافیائی و سیاسی تبدیلیوں پر تفصیلی گفتگو کی اور خطے میں امن، استحکام اور جامع ترقی کے لیے کثیرالملکی تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
یہ سفارتی ملاقاتیں بدلتی ہوئی عالمی صورتِ حال کے تناظر میں پاکستان کی عالمی اور علاقائی شراکت داروں کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینے کی کوششوں کا مظہر ہیں۔