مون سون بارشوں کے چوتھے سلسلے کا آغاز کل سے ہوگا، پی ڈی ایم اے پنجاب

مون سون بارشوں کے چوتھے سلسلے کا آغاز کل سے ہوگا، پی ڈی ایم اے پنجاب

پنجاب میں مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ کل سے شروع ہونے جا رہا ہے، ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 20 سے 25 جولائی کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں اور آندھی کی پیشگوئی ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، گجرات، جہلم اور گوجرانوالہ میں بارشوں کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، سرگودھا اور میانوالی میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔

جنوبی پنجاب کے اضلاع ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، بہاولنگر اور ملتان میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر صوبے بھر کی ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔

دریائے سندھ میں تربیلا اور کالا باغ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ چشمہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق چشمہ کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پنجاب : بارشوں سے 48 گھنٹے میں 70 شہری جاں بحق، مزید برسات کی پیشگوئی

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ 21 جولائی سے دریائے راوی، جہلم، ستلج اور چناب کے بہاؤ میں اضافے کا پیشگی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ دریاؤں کے بالائی علاقوں میں مون سون بارشوں کے باعث پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

شہریوں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق رواں سال مون سون سیزن کے دوران مختلف حادثات میں 123 شہری جاں بحق، 462 زخمی ہوئے، جبکہ 150 عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ ان اموات کی وجوہات میں آسمانی بجلی گرنے، کرنٹ لگنے، نہاتے ہوئے ڈوبنے اور مخدوش و بوسیدہ مکانات گرنے کے واقعات شامل ہیں۔

حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق شہریوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق کسانوں کی فصلوں کے نقصانات کا بھی ازالہ کیا جائے گا۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ فصلوں کے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *