معرکہ حق کی پہلی سالگرہ ، پاکستان ہائی کمیشن لندن میں تقریب ،پاک فوج کو خراج تحسین

معرکہ حق کی پہلی سالگرہ ، پاکستان ہائی کمیشن لندن میں تقریب ،پاک فوج کو خراج تحسین

پاکستان ہائی کمیشن لندن میں معرکہِ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں برطانوی پارلیمنٹ کے اراکین، پاکستانی نژاد کونسلرز، تاجروں، سفارتی حکام، میڈیا نمائندوں اور برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران پاکستان کی مسلح افواج کی خدمات، قومی یکجہتی اور بیرونِ ملک پاکستانیوں کے کردار کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے برطانیہ میں پاکستان کے قائم مقام ہائی کمشنر حسیب بن عزیز نے کہا کہ یہ اجتماع پاکستان کی بہادر افواج کو سلام پیش کرنے کے لیے منعقد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی افواج نے بے مثال جرات، غیر متزلزل عزم اور اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کے ذریعے قومی پرچم کے وقار کو سربلند رکھا۔ ان کے مطابق آپریشن بنیان مرصوص کے دوران افواجِ پاکستان کا ردعمل تیز، فیصلہ کن اور انتہائی مؤثر تھا، جسے دنیا بھر میں سراہا گیا۔

 یہ بھی پڑھیں :معرکہ حق میں محض 10 فیصد طاقت دکھائی، 14 اگست کو پریڈ ہوگی، قوم کو پاور پوٹینشل کی چھوٹی سی جھلک دکھائیں گے، ترجمان پاک فوج

قائم مقام ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستانی قوم نے ہر مشکل مرحلے پر اپنی افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور یہی اتحاد پاکستان کی اصل طاقت ہے۔ انہوں نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو بھی سراہا جنہوں نے بیرونِ ملک پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پریس منسٹر علی نواز ملک نے کہا کہ معرکہِ حق کے دوران پاکستانی ہائی کمیشن نے برطانوی میڈیا کو مؤثر انداز میں حقائق سے آگاہ کیا اور بھارت کی جانب سے پھیلائے گئے جھوٹے بیانیے کا بھرپور جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہر سطح پر اصولی اور ٹھوس مؤقف اختیار کیا جسے عالمی سطح پر پذیرائی ملی۔

تقریب کے اختتام پر برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں نے پاکستان کی مسلح افواج، سیاسی قیادت اور پوری قوم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ معرکہِ حق کے دوران پاکستانی عوام نے اتحاد اور عزم کی نئی مثال قائم کی۔

editor

Related Articles