کانگو نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں تاریخ رقم کرتے ہوئے ازبکستان کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی اور پہلی مرتبہ ٹورنامنٹ کے ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا، جہاں اب اس کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا۔
گروپ کے آخری میچ میں ازبکستان نے بہتر آغاز کیا اور دفاعی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایلڈور شومورودوف نے گول کر کے اپنی ٹیم کو ابتدائی برتری دلائی، پہلے ہاف میں ازبکستان نے کئی خطرناک حملے کیے تاہم وہ اپنی برتری کو مزید بڑھانے میں ناکام رہا۔
ڈی آر کانگو نے پہلے ہاف میں ایک گول اسکور کیا تاہم ریفری نے فاؤل قرار دے کر اسے مسترد کر دیا، اس کے باوجود ٹیم نے ہمت نہ ہاری اور دوسرے ہاف میں بھرپور انداز میں واپسی کی۔
68ویں منٹ میں کانگو کو برابری کا موقع ملا جب ازبکستان کے عبدالقدیر خوسانوف نے یوان ویسا کو پنالٹی ایریا میں گرا دیا،ریفری نے پنالٹی دی جسے یوان ویسا نے کامیابی سے گول میں تبدیل کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔
اس کے بعد کانگو نے مسلسل دباؤ برقرار رکھا اور فِسٹن ماییلے نے میشاک ایلیا کی شاٹ کے ریباؤنڈ پر گیند کو جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو برتری دلائی،اضافی وقت میں یوان ویسا نے شاندار گول اسکور کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح پر مہر ثبت کر دی۔
اس کامیابی کے ساتھ کانگو نے گروپ میں تیسری پوزیشن حاصل کی اور بہترین تیسرے نمبر کی ٹیموں میں جگہ بنا کر پہلی بار ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلےتک رسائی حاصل کر لی، جہاں اب اس کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا۔