پنجاب میں صحت کے نظام میں بہتری کیلئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا ایک اور بڑا اقدام ، 3 ہسپتالوں کے افتتاحی شیڈول کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کے اجلاس میں صوبے کے 3 بڑے طبی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا ۔
اس اجلاس میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا، نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ اور جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کا تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے اور اس کا افتتاح 15 جولائی کو متوقع ہے، جبکہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ 31 جولائی اور جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور 15 اگست کو افتتاح کے لیے تیار ہوں گے۔
اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ پنجاب میں اب تک 2 کروڑ 20 لاکھ مریضوں کا مفت علاج کیا جا چکا ہے، جبکہ سی ایم چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت 13 ہزار 550 بچوں کے دل کے مفت آپریشن مکمل کیے گئے۔
مزید برآں 7 لاکھ 28 ہزار مریضوں کو ان کی دہلیز پر مفت ادویات فراہم کی گئیں۔
وزیراعلیٰ نے اجلاس میں ڈائیسپورا ڈاکٹر لوکم پروگرام (DDLP) کی بھی منظوری دی، جس کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانی اور غیر ملکی اسپیشلسٹ ڈاکٹرز کو پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں مختصر مدت کے لیے خدمات انجام دینے کا موقع دیا جائے گا۔