آزاد جموں کشمیر کی قانون ساز اسمبلی نے نوجوان گریجویٹس کے لیے ایک شاندار موقع کا اعلان کیا ہے۔ پارلیمانی انٹرن شپ پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو جمہوری اقدار سے روشناس کروانا اور انہیں پارلیمانی امور کی عملی تربیت دینا ہے۔
آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کی جانب سے اعلان کردہ یہ پروگرام 6ماہ کے لیے 53 انٹرن شپ پوزیشنز فراہم کرتا ہے، جس میں منتخب امیدواروں کو ہر ماہ 40,000 روپے وظیفہ دیا جائے گا۔ انٹرن شپ کے لیے واک ان انٹرویوز 12 اور 13 اگست 2025 کو صبح 10:00 بجے منعقد ہوں گے۔
ٹیسٹ انٹرویو کے لیے مقام اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس (ایم ایل اے ہاسٹل)، نیو وزیراعظم ہاؤس کے قریب، جلال آباد، مظفرآباد مقرر کیا گیا ہے۔
درخواست دہندگان کے لیے لازمی ہے کہ ان کے پاس کم از کم 14 سالہ تعلیم ہو، جو ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) سے تسلیم شدہ یونیورسٹی سے حاصل کی گئی ہو اور کم از کم 60 فیصد نمبر یا 2.5 سی جی پی اے ہو۔
بی ایس پروگرام کے 8 ویں سمسٹرز میں زیر تعلیم امیدوار بھی درخواست دے سکتے ہیں۔ زیادہ سے زیادہ عمر کی حد 30 سال مقرر کی گئی ہے۔
صرف آزاد کشمیر کے پہلے درجے کے ریاستی باشندے اور مقبوضہ جموں کشمیر سے تعلق رکھنے والے پاکستان میں آباد مہاجرین ہی درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔ امیدواروں کا انتخاب میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انٹرویو کے وقت درخواست فارم کی ہارڈ کاپی، سی وی، تصدیق شدہ تعلیمی اسناد کی نقول اور اصل دستاویزات اپنے ہمراہ لائیں۔ کسی قسم کا ٹی اے، ڈی اے فراہم نہیں کیا جائے گا۔
یہ انٹرن شپ مکمل طور پر مظفرآباد میں ہوگی اور کسی بھی وقت بغیر پیشگی اطلاع کے ختم کی جا سکتی ہے۔ ایسے افراد جنہوں نے پہلے یہ انٹرن شپ مکمل کی ہو، دوبارہ درخواست دینے کے اہل نہیں ہوں گے۔
قانون ساز اسمبلی نے یہ حق محفوظ رکھا ہے کہ کسی بھی وقت کسی پوزیشن میں اضافہ یا کمی کی جا سکتی ہے۔
یہ پروگرام نوجوان گریجویٹس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور روزگار کے مواقع کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا اور انہیں جمہوری اور پارلیمانی نظام کے حقیقی ماحول سے آشنا کرے گا۔
دلچسپی رکھنے والے امیدواروں کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ اپنی مکمل دستاویزات کے ساتھ مقررہ تاریخوں پر وقت پر انٹرویو کے لیے حاضر ہوں۔