ایشیا کپ فائنل سے قبل قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بڑے میچز میں دباؤ ہمیشہ ہوتا ہے، خاص طور پر پاکستان اور بھارت کے مقابلے میں۔ اگر کوئی یہ کہے کہ پریشر نہیں ہوتا تو یہ بالکل غلط ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا جو بھی کہتا رہے، ہمیں اس سے کوئی غرض نہیں ہے۔
سلمان علی آغا نے ٹیم کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ “ہم نے زیادہ غلطیاں کی ہیں اسی لیے میچز نہیں جیت پائے۔ میری اپنی پرفارمنس بھی شاندار نہیں رہی اور مجھے اس بات کا اندازہ ہے۔ اسٹرائیک ریٹ ہمیشہ میچ کی صورتحال کے حساب سے دیکھنا پڑتا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ پچ اور کنڈیشن کو مدنظر رکھتے ہوئے پلیئنگ الیون کا فیصلہ کیا جائے گا۔
قومی ٹیم کے کپتان نے مزید کہا کہ “کنڈیشن کی ڈیمانڈ کے مطابق ہی فیصلے کیے جاتے ہیں۔ اپنے کیریئر میں کبھی نہیں دیکھا کہ دو ٹیموں کے درمیان ہینڈ شیک نہ ہوا ہو۔ دونوں ملکوں کے حالات اس سے بھی زیادہ خراب رہے ہیں لیکن کرکٹ میں ہمیشہ ہینڈ شیک ہوتا آیا ہے۔” ان کا کہنا تھا کہ گراؤنڈ سے باہر کی چیزیں کھلاڑیوں کے کنٹرول میں نہیں ہوتیں اور ان سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔