مومنہ اقبال کو دھمکیاں دینے کا کیس ، ایم پی اے ثاقب چدھڑ اور اہلیہ کی عبوری ضمانت میں توسیع

مومنہ اقبال کو دھمکیاں دینے کا کیس ، ایم پی اے ثاقب چدھڑ اور اہلیہ کی عبوری ضمانت میں توسیع

سیشن کورٹ عدالت نے لیگی رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ اور اہلیہ سمیرا کی عبوری ضمانت میں 2 جولائی تک توسیع کردی۔

معروف اداکارہ مومنہ اقبال کو ہراساں کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے مقدمے  میں  ثاقب چدھڑ اور انکی اہلیہ سمیرا کی عبوری ضمانت پر سماعت ہوئی۔

ملزمان کی عبوری ضمانت پر سماعت ایڈیشنل سیشن جج نے کی، ثاقب چدھڑ اپنی اہلیہ سمیرا کے ہمراہ حاضری کے لیے پیش ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں :مومنہ اقبال کو ہراساں کرنیکا معاملہ ، رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کیخلاف مقدمہ درج

دوران سماعت تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزمان کے موبائل فرانزک کے لیے بھجوائے جا چکے ہیں ، مقدمے کی تفتیش مکمل کرنے کے لیے وقت درکار ہے جس پر عدالت نے این سی سی آئی اے سے آئندہ سماعت پر تفتیشی رپورٹ طلب کر لی۔

واضح رہے این سی سی آئی اے نے اداکارہ مومنہ اقبال کی مدعیت میں مقدمہ درج کر رکھا ہے۔

رکن صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ کے خلاف مقدمہ پیکا ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ، مدعیٔ مقدمہ کے مطابق ثاقب چدھڑ اور ان کے ساتھیوں نے بلیک میلنگ کی اور دھمکیاں دیں ، ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے دھمکی دی کہ اگر شادی نہ کی گئی تو متعلقہ ڈیٹا لیک کر دیا جائے گا، مومنہ اقبال کی بہن نے دھمکیوں سے متعلق ویڈیو نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو فراہم کی تھیں ۔

این سی سی اے میں درج مقدمہ کے مطابق ملزم ثاقب چدھڑ، ان کی اہلیہ اور ساتھیوں نے سائبر ہراسگی اور بلیک میلنگ کی، ملزمان غیر قانونی طور پر سرویلنس کرتے رہے اور مومنہ اقبال سمیت ان کے اہلِ خانہ کو دھمکیاں دیتے رہے، رکنِ صوبائی اسمبلی نے موبائل این سی سی آئی اے کو جمع کروانے سے پہلے تمام ڈیٹا اور ایپس بھی ڈیلیٹ کر دیں۔

یہ بھی پڑھیں :لیگی رہنما کو اداکارہ سے الجھنا مہنگا پڑگیا، اثاثوں کی تفصیلات بارے درخواست دائر

یاد رہے کہ اداکارہ مومنہ اقبال نے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی میں شکایت درج کروائی تھی۔

علاوہ ازیں  مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کے اثاثوں کی تفصیلات کے حصول کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست بھی دائر کر دی گئی۔

editor

Related Articles