ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے خوشخبری ، بجلی کی قیمت میں فی یونٹ ایک روپے 75 پیسے کمی کا امکان ہے۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے مالی سال 2024-25 کی چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں نیپرا سے قیمتوں میں کمی کی باقاعدہ درخواست دائر کی ہے ، جس پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) آج سماعت کرے گی۔
درخواست منظور ہونے کی صورت میں بجلی صارفین کو مجموعی طور پر 53 ارب 39 کروڑ روپے سے زائد کا ریلیف ملے گا، یہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ نہ صرف سرکاری ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) بلکہ کے الیکٹرک پر بھی لاگو ہو گی۔
ذرائع کے مطابق اگر نیپرا اتھارٹی ستمبر، اکتوبر اور نومبر کے لیے ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دیتی ہے تو صارفین کو 2 روپے 10 پیسے فی یونٹ تک کا ریلیف مل سکتا ہے جبکہ اگست، ستمبر اور اکتوبر کے لیے فی یونٹ ایک روپے 75 پیسے کی کمی کی تجویز دی گئی ہے، جو صارفین کے ماہانہ بجلی بلوں میں نمایاں کمی کا باعث بنے گی۔
درخواست پر حتمی فیصلہ نیپرا اتھارٹی کی جانب سے درخواست پر سماعت مکمل ہونے کے بعد جاری کیا جائے گا۔
واضح رہےکہ گزشتہ مالی سال کی تیسری سہ ماہی جنوری تا مارچ 2025 کی ایڈجسٹمنٹ میں کراچی سمیت ملک بھر کے لیے بجلی ایک روپے 55 پیسے فی یونٹ سستی کی تھی جس کا اطلاق مئی سے لیکر جولائی دو ہزار پچیس کے لیے کیا گیا تھا۔
اس سے قبل گزشتہ مالی سال کی دوسری سہ ماہی اکتوبر تا دسمبر 2024 کی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی ایک روپے 90پیسے فی یونٹ سستی کی گئی تھی جس کاریلیف صارفین کو اپریل سے جون 2025 کے لیے دیاگیا تھا۔