موٹرویز پر جانوروں سے لدی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد

موٹرویز پر جانوروں سے لدی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد

عید الاضحیٰ کے دوران عوامی تحفظ اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے موٹرویز پر جانوروں سے لدی گاڑیوں کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

یہ پابندی حادثات کی روک تھام اور موٹرویز پر ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھنے کے لیے لگائی گئی ہے۔

ترجمان سینٹرل ریجن کا کہنا ہے کہ اوورلوڈ اور غیر فٹ گاڑیاں سنگین حادثات کا سبب بن سکتی ہیں، اس لیے جانوروں سے لدی گاڑیوں کو متبادل اور محفوظ راستوں پر منتقل کیا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق ایسی گاڑیوں کے باعث موٹرویز پر متعدد خطرناک حادثات پیش آ چکے ہیں۔ پابندی کا مقصد حادثات کی روک تھام اور موٹرویز پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا ہے۔

پنجاب اور خیبرپختونخوا پولیس کو انٹری پوائنٹس پر چیک پوسٹس قائم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سینٹرل ریجن کے مطابق مویشی منڈیوں اور انٹرچینجز کے قریب غیر قانونی پارکنگ کے خلاف کارروائی کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب، عید کب ہوگی، سپارکو نے پیشگوئی کر دی

حکام کا کہنا ہے کہ ٹریفک قوانین اور لوڈنگ اسٹینڈرڈز کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا، جبکہ ماہرین فلکیات کے مطابق کل چاند نظر آنے کے واضح امکانات ہیں، جس کے مطابق عید الاضحیٰ 27 مئی کو ہوگی۔

Related Articles