عمران خان کی ضمانت درخواستوں پر سماعت، سپریم کورٹ سے اہم خبر آگئی

عمران خان کی ضمانت درخواستوں پر سماعت، سپریم کورٹ سے اہم خبر آگئی

سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم اور بانی تحریک انصاف عمران خان کی 9 مئی سے متعلق ضمانت کی اپیلوں پر آج ہی فریقین کو دستاویزات جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے عمران خان کی 9 مئی سے متعلق ضمانت کی اپیلوں پر سماعت کی جس سلسلے میں وکیل درخواستگزار سلمان صفدر اور اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی عدالت میں پیش ہوئے جب کہ علیمہ خان بھی عدالت میں موجود تھیں۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ملزم کی جانب سے جمع کرائی گئی کچھ دستاویزات نہیں دیکھ سکے ہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ بہتر ہوگا کہ کیس کی سماعت کل ساڑھے 10 بجے تک ملتوی کردی جائے تاکہ تمام فریقین کو موقع مل جائے۔

وکیل عمران خان نے وضاحت کی کہ جمع کرائی گئی دستاویزات میں صرف عدالتی فیصلے شامل ہیں، تاہم چیف جسٹس نے کہا کہ جو بھی دستاویزات ہیں، ان کا جائزہ لینا ضروری ہے اور جس فریق نے بھی کوئی مواد پیش کرنا ہے وہ آج ہی جمع کرا دے۔

یہ بھی پڑھیں : عدالت کا شاہ محمود قریشی کو رہا کرنے کا حکم

مزید برآں، چیف جسٹس نے ہدایت دی کہ استغاثہ بھی بانی پی ٹی آئی کی جانب سے جمع کرائی گئی دستاویزات کا جائزہ لے، عدالت نے سماعت کل تک ملتوی کرتے ہوئے تمام فریقین کو تیاری کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت دی۔

وکیل سلمان صفدر کی میڈیا سے بات چیت 

عدالت میں پیشی کے بعد وکیل عمران خان سلمان صفدر نے میڈیا سے بات کرتے کہا کہ کل صبح تک فیصلہ ملتوی ہوا ہے ، عدالت نے دستاویزات کا جائزہ  لینا ہے ، ہم نے شواہد پیش کیے ہیں یہ شواہد  ہیں جن پر شاہ محمود قریشی اور فواد چودھری کو باعزت بری کیا گیا تھا ، کل امید کرتے ہیں بہتر دن ہوگا ، عمران خان دوسری بار سپریم کورٹ  کے سامنے پیش ہونگے پہلا فیصلہ بھی اچھا ہوا تھا انشااللہ آگے بھی فیصلہ اچھا ہوگا ، شکر ہے کہ ہمارے کیسز سنے جارہے ہیں ۔

ان کاکہنا تھا کہ توشہ خانہ ٹو اور القادر ٹرسٹ کیس اہم کیسز ہیں ہم اس کے بھی منتظر ہیں کہ وہ کیس سنے جاسکیں ۔

علیمہ خان کی میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ ہماری کوشش تھی کہ ہائیکورٹ میں ہمارے کیسز مقرر ہوں۔

علیمہ خان نے کہا کہ یہ لوگ ڈرے ہوے ہیں عمران خان سے ،  بانی پی ٹی آئی نے حقیقی آزادی تک تحریک کا کہا ہے، عمران اپنے لیے جیل میں نہیں بیٹھے ان کا خواب ہے پاکستان میں حقیقی آزادی کے لیے ، جو ان پر ظلم کر رہے ہیں وہ نہیں جانتے عمران خان کو عوام ضرور جانتی ہے ۔

editor

Related Articles