محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کا نیا سسٹم 27 اگست سے کراچی سمیت ملک کے بیشتر حصوں پر اثر انداز ہو کر بارشوں کا سبب بن سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 27 اگست کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
27 سے 29 اگست کے دوران سندھ اور بلوچستان میں بارش کا امکان ہے۔
شہرِ قائد میں مختلف علاقوں میں کہیں بوندا باندی اور کہیں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ مون سون کا ایک نیا سسٹم 27 اگست سے کراچی سمیت سندھ پر اثرانداز ہوسکتا ہے۔
آج شام یا رات سے مٹھی، تھرپارکر، عمرکوٹ اور میر پورخاص میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جس سے گلگت بلتستان کے بھی چند مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
آج سے 27 اگست کے دوران دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، وادی نیلم، مظفر آباد، راولا کوٹ، دیر، چترال، سوات کوہستان، شانگلہ، کوہاٹ، پشاور اور دیگر مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
ڈیموں میں پانی کی مزید گنجائش نہ ہونے سے دریاؤں کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے، دریائے سندھ میں تونسہ، گڈو اور کالا باغ پر پانی کا بہاؤ 5 لاکھ کیوسک تک متوقع ہے۔
اس کے علاوہ دریائے راوی اور چناب کے ملحقہ علاقوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ کا خدشہ ہے، این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں مقامی انتظامیہ سے فوری رابطہ کریں۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق محکمہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے، تمام متعلقہ ادارے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اقدامات یقینی بنا رہے ہیں۔
مزید بارشوں کی صورت میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں اضافے کا خدشہ ہے، این ڈی ایم اے نے ہدایت دی ہے کہ شہری بارشوں اور سیلاب کے دوران محتاط رہیں اور حفاظتی اقدامات اپنائیں، سیاح حضرات بھی خصوصی طور پر شمالی علاقہ جات کا سفر کرنے سے گریز کریں۔