محرم الحرام اسلامی سال کا پہلا مہینہ ہے، جو واقعۂ کربلا اور حضرت امام حسینؓ، اہلِ بیتؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے۔ کربلا کا پیغام حق، صبر، عدل اور استقامت کی علامت سمجھا جاتا ہے، جسے دنیا بھر کے مسلمان عقیدت و احترام سے یاد کرتے ہیں۔
پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی متعدد شخصیات بھی محرم الحرام کے دوران مختلف مذہبی سرگرمیوں میں شرکت کرتی ہیں اور اپنے انداز میں حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہیں۔
معروف اداکار عمران عباس ہر سال محرم الحرام کے ایام میں عراق کا رخ کرتے ہیں۔ رواں سال بھی وہ کربلا میں موجود ہیں، جہاں انہوں نے مجالس اور دیگر مذہبی سرگرمیوں میں شرکت کے ساتھ نیاز تقسیم کی۔ اداکار نے اپنے روحانی سفر کی تصاویر اور ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیں، جنہیں مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔
اداکار اور گلوکار محسن عباس حیدر بھی ہر سال محرم الحرام کے دوران مذہبی رسومات میں شریک ہوتے ہیں۔ وہ اکثر اپنے آبائی شہر فیصل آباد میں مجالس اور جلوسوں میں شرکت کرتے ہیں، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی ان لمحات کی جھلکیاں شیئر کرتے رہتے ہیں۔ محسن عباس حیدر نوحہ خوانی میں بھی حصہ لیتے ہیں اور حضرت امام حسینؓ کی قربانی کو عقیدت سے یاد کرتے ہیں۔