پاکستانی اداکارہ نمرہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی زندگی کی ایک بڑی خواہش بالآخر پوری ہوگئی ہے، جس پر انہوں نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا ہے۔
اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ اپنے شوہر کے ہمراہ عمرے کی سعادت حاصل کرتی نظر آ رہی ہیں۔ ویڈیو کے ساتھ نمرہ خان نے جذباتی پیغام بھی تحریر کیا۔انہوں نے بتایا کہ ان کی دیرینہ خواہش تھی کہ وہ اپنی سالگرہ کے موقع پر اپنے شوہر کے ساتھ عمرہ ادا کریں، اور اب یہ خواب حقیقت کا روپ دھار چکا ہے۔
نمرہ خان نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’’یہ ایسا خواب ہے جو پورا ہونے کے بعد بھی خواب ہی محسوس ہو رہا ہے۔ میرے شوہر نے میری سالگرہ اور عمرے کے اس سفر کو یادگار اور خوبصورت بنا دیا۔‘‘
اداکارہ نے اپنے شوہر کے لیے خصوصی دعا بھی کی اور لکھا کہ اللہ تعالیٰ انہیں خوشیاں، صحت، رزق میں برکت اور ہر قسم کی پریشانی و بری نظر سے محفوظ رکھے، جبکہ دنیا اور آخرت میں کامیابیاں عطا فرمائے۔
نمرہ خان کی پوسٹ سامنے آنے کے بعد مداحوں اور شوبز شخصیات نے انہیں عمرے کی سعادت حاصل کرنے پر مبارک باد دی۔ سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ کی دعا پر آمین کہتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔اداکارہ کی اس روحانی اور خوشگوار خبر کو مداحوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔