9 اور 10 محرم الحرام، موبائل ، انٹر نیٹ سروس جزوی طور پرمعطل ہونے کا امکان

9 اور 10 محرم الحرام، موبائل ، انٹر نیٹ سروس جزوی طور پرمعطل ہونے کا امکان

  خیبر پختونخوا میں 9 اور 10 محرم الحرام کے دوران موبائل فون اور موبائل انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر معطل کیے جانے کا امکان ہے، کیونکہ صوبائی پولیس نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر محکمہ داخلہ کو باضابطہ مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔ تاہم تاحال حتمی فیصلہ محکمہ داخلہ اور متعلقہ وفاقی اداروں کی منظوری سے مشروط ہے۔

خیبر پختونخوا پولیس کی جانب سے محرم الحرام کے لیے تیار کی گئی سیکیورٹی رپورٹ میں صوبے کے 8 اضلاع کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ ان اضلاع میں پشاور، کوہاٹ، ہنگو، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، بنوں، لکی مروت اور کرم شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ان علاقوں میں سیکیورٹی خدشات کے باعث موبائل اور انٹرنیٹ سروس مخصوص مقامات اور جلوسوں کے راستوں پر جزوی طور پر بند کی جا سکتی ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :حکومت کا یکم محرم الحرام کو عام تعطیل کافیصلہ

پولیس حکام کے مطابق مقصد پورے صوبے میں موبائل نیٹ ورک بند کرنا نہیں بلکہ صرف حساس علاقوں، مجالس اور جلوسوں کے اطراف سیکیورٹی کو یقینی بنانا ہے۔ گزشتہ برسوں کی طرح اس بار بھی اگر منظوری دی گئی تو سروس صرف مخصوص اوقات اور مقامات تک محدود رہنے کا امکان ہے۔

سیکیورٹی رپورٹ میں مزید سفارش کی گئی ہے کہ تمام مرکزی جلوسوں اور مجالس کے راستوں کی کڑی نگرانی کی جائے، داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ سخت کی جائے اور مشکوک سرگرمیوں پر فوری کارروائی کی جائے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ محرم کے دوران شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

 یہ بھی پڑھیں :پنجاب: محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات کیلئے فوج اور رینجرز کے دستے طلب

واضح رہے کہ موبائل سروس کی معطلی سے متعلق ابھی حتمی نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا، تاہم مراسلے کے بعد حساس اضلاع میں جزوی بندش کے امکانات بڑھ گئے ہیں اور شہریوں کو آئندہ چند روز میں سرکاری اعلان کا انتظار ہے۔

editor

Related Articles