خیبرپختونخوا کے آئندہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کے لیے تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا کے مطابق سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 7 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔
محکمہ خزانہ کے مطابق سال 2022 اور 2025 کے مختلف الاؤنسز کو بنیادی پے اسکیل (بی پی ایس) میں ایڈجسٹ کرنے کے بعد یہ اضافہ کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں ملازمین کی مجموعی تنخواہوں میں بہتری آئے گی۔
دوسری جانب سرکاری ملازمین کی جانب سے ڈسپیرٹی الاؤنس میں مزید 15 فیصد اضافے کی درخواست کی گئی تھی تاہم صوبائی محکمہ خزانہ نے یہ مطالبہ مسترد کر دیا ہے۔
محکمہ خزانہ کا مؤقف ہے کہ ملک کے کسی بھی دوسرے صوبے میں سرکاری ملازمین کو ڈسپیرٹی الاؤنس فراہم نہیں کیا جا رہا، اس لیے خیبرپختونخوا میں بھی مزید اضافہ نہیں کیا جا سکتا۔
محکمہ خزانہ کے مطابق تنخواہوں میں 7 فیصد اضافے کے بعد صوبے کا ماہانہ تنخواہ بل 82 ارب روپے سے تجاوز کر جائے گا، جس سے صوبائی بجٹ پر اضافی مالی دباؤ آئے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ بجٹ میں ملازمین کو ریلیف دینے اور مالی وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات کیے گئے ہیں، جبکہ اخراجات اور آمدن کے درمیان توازن برقرار رکھنا بھی حکومت کی ترجیح ہے۔