سینٹرل پولیس آفس میں جاری پروموشن بورڈ کا اجلاس مکمل ہونے کے بعد پنجاب پولیس کے 23 انسپکٹرز کو ڈی ایس پی کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق، پروموشن بورڈ کا اجلاس ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ڈیجیٹلائزڈ سسٹم کے تحت ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی (ڈی پی سی ) کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں ہیومن ریسورس مینجمنٹ سسٹم (ایچ آر ایم ایس) کے ذریعے افسران کی اے سی آرز (سالانہ خفیہ رپورٹس) کا مکمل جائزہ لیا گیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے میرٹ، سروس ریکارڈ اور قواعد و ضوابط کو مدِنظر رکھتے ہوئے ترقی پانے والے تمام افسران اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے ترقی پانے والے افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوام کی بے لوث خدمت اور ملک کی بے خوف حفاظت کو اپنا شعار بنائیں۔
پنجاب پولیس کے مطابق گزشتہ اڑھائی سال کے دوران مجموعی طور پر 555 سے زائد انسپکٹرز کو ڈی ایس پی کے عہدے پر ترقی دی جا چکی ہے، جو محکمے میں شفاف ترقیاتی نظام اور ڈیجیٹل اصلاحات کا مظہر ہے۔
ڈی ایس پی کے عہدے پر ترقی پانے والے افسران میں سید اسد بخاری، مدثر اللہ خان، سید حسنات حسین شاہ، بشارت علی، زبیر اخلاق، سعد عظیم، محمد اشفاق بٹ، اکبر مسعود، محمد اصغر خان، علی آصف، محمد سرور، محمد نواز، محمد طارق، محمد ارشد ندیم، محمد کلیم، حسنین سلیم مہر، محمد رمضان، شاہد حسین، محمد حسن طاہر، غلام رسول، طارق ستار، محمد عبدالحی اور محمد فیصل ندیم شامل ہیں۔
پنجاب پولیس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ترقی پانے والے افسران محکمہ پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید بہتری لائیں گے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔