پنجاب پولیس کا 27 ہزار نئی بھرتیوں کا اعلان، سب انسپکٹر، اے ایس آئی اور کانسٹیبل کی آسامیاں شامل

پنجاب پولیس کا 27 ہزار نئی بھرتیوں کا اعلان، سب انسپکٹر، اے ایس آئی اور کانسٹیبل کی آسامیاں شامل

پنجاب پولیس نے صوبے بھر میں بڑے پیمانے پر بھرتیوں کا اعلان کیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 27 ہزار نئی بھرتیاں کی جائیں گی جبکہ اس سے پہلے ہی 30 ہزار اہلکاروں اور افسران کو ترقیاں دی جا چکی ہیں۔

اس اقدام کو پولیس کی استعداد کار بڑھانے اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ نئی بھرتیاں سب انسپکٹر، اے ایس آئی اور کانسٹیبل کے عہدوں پر کی جائیں گی۔ یہ بھرتیاں ان خالی اسامیوں پر ہوں گی جو حالیہ ترقیوں کے نتیجے میں پیدا ہوئی ہیں۔ اس طرح نہ صرف نئے اہلکار فورس کا حصہ بنیں گے بلکہ موجودہ افسران کو ترقی کے مزید مواقع بھی ملیں گے، جس سے پولیس کے اندرونی ڈھانچے کو مزید فعال بنانے میں مدد ملے گی۔

محکمہ پولیس کے مطابق سب انسپکٹر اور اے ایس آئی کی بھرتیاں پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے ہوں گی جہاں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے رائٹ مینجمنٹ اور جدید امتحانی طریقہ کار اپنایا جائے گا۔ امیدواروں کا انتخاب میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا تاکہ پولیس فورس میں باصلاحیت اور محنتی افراد شامل ہو سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا حکومت نےپولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابر کرنےکا فیصلہ کرلیا

بھرتی کا عمل لاہور سمیت پنجاب کے تمام اضلاع میں کیا جائے گا، جس سے بڑے شہروں کے ساتھ ساتھ دیہی اور پسماندہ علاقوں کے نوجوانوں کو بھی پولیس میں شامل ہونے کا موقع ملے گا۔ ماہرین کے مطابق اتنی بڑی تعداد میں بھرتیاں پولیس کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور عوامی مسائل کے فوری حل میں اہم کردار ادا کریں گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ برسوں میں پنجاب پولیس کو بڑھتے ہوئے جرائم، دہشت گردی کے خطرات اور عوامی توقعات کے باعث مختلف چیلنجز کا سامنا رہا ہے۔ ایسے میں 27 ہزار نئی بھرتیاں پولیس کی استعداد کار کو بڑھانے اور محکمے کو مزید مضبوط کرنے میں سنگ میل ثابت ہوں گی۔

Related Articles