یونان کے خوبصورت جزیرے سائروس میں ایک منفرد فلاحی منصوبہ توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، جہاں بلیوں سے محبت کرنے والے افراد رضاکار بن کر نہ صرف خدمت کر سکتے ہیں بلکہ مفت رہائش بھی حاصل کر سکتے ہیں۔
سائروس، جو ایجین سی میں سائیکلیڈیز جزائر میں سے ایک مشہور سیاحتی مقام ہے، وہاں کم از کم 3 ہزار آوارہ بلیاں موجود ہیں۔ یہ بلیاں اکثر کچرے کے ڈھیروں اور ویران گھروں میں رہتی ہیں اور خوراک کی تلاش میں مارے مارے پھرتی ہیں۔ کئی بلیاں بیماریوں اور کمزوری کا شکار بھی ہیں۔
اسی صورتحال کے پیش نظر سیروس کیٹس نامی فلاحی ادارہ کام کر رہا ہے، جو رضاکاروں کے ذریعے ان بلیوں کی دیکھ بھال کرتا ہے۔یہ ادارہ ٹریپ نیٹر ریٹرن (TNR) طریقہ استعمال کرتا ہے، جس کے تحت بلیوں کو محفوظ طریقے سے پکڑ کر ان کی نس بندی، علاج اور ویکسینیشن کی جاتی ہے اور پھر انہیں دوبارہ ان کے قدرتی ماحول میں چھوڑ دیا جاتا ہے تاکہ آبادی کو قابو میں رکھا جا سکے۔
ادارے کی بانی جیکی اسٹوری کے مطابق یہ منصوبہ 2013 میں ایک مقامی ساتھی کے ساتھ شروع کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ اصل کامیابی یہ ہوگی کہ ایک دن مقامی حکومت خود اس مسئلے کی ذمہ داری لے۔
اس پروگرام کے تحت ہر وقت محدود تعداد میں رضاکار رکھے جاتے ہیں، جو عام طور پر صحت مند، ذمہ دار اور خود مختار افراد ہوتے ہیں۔ رضاکاروں کو روزانہ تقریباً 5 گھنٹے، ہفتے میں 5 دن کام کرنا ہوتا ہے، اور کم از کم ایک ماہ قیام ضروری ہوتا ہے۔
اس دوران رضاکار بلیوں کو کھانا فراہم کرتے ہیں، ان کی دیکھ بھال کرتے ہیں، ادویات دیتے ہیں، صفائی کرتے ہیں اور ان کے ساتھ وقت گزارتے ہیں۔بدلے میں انہیں رہائش، ناشتہ، یوٹیلٹیز اور ایک مشترکہ رہائشی جگہ فراہم کی جاتی ہے۔ تاہم سفر اور دیگر اخراجات رضاکاروں کو خود برداشت کرنا ہوتے ہیں۔
ادارے کے مطابق ہر سال تقریباً 40 رضاکار شامل کیے جاتے ہیں، جبکہ درخواستیں بڑی تعداد میں موصول ہوتی ہیں، اس لیے انتخاب کا عمل سخت ہوتا ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ موقع ڈیجیٹل نَو میڈز کے لیے بھی کھلا ہے، جو ریموٹ کام کے ساتھ ساتھ رضاکارانہ خدمات انجام دے سکتے ہیں۔
بلیوں کے شوقین افراد اس پروگرام کے ذریعے نہ صرف ایک خوبصورت جزیرے میں وقت گزار سکتے ہیں بلکہ آوارہ بلیوں کی زندگی بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔