عالمی مارکیٹ میں تیل قیمتوں کو ریورس گیئر لگ گیا، ایک دن میں بڑی کمی ریکارڈ

عالمی مارکیٹ میں تیل قیمتوں کو ریورس گیئر لگ گیا، ایک دن میں بڑی کمی ریکارڈ

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کی بڑی وجہ امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کو قرار دیا جا رہا ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 6 فیصد تک کمی دیکھی گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق امریکی کروڈ آئل (WTI) کی قیمت میں 5.16 ڈالر فی بیرل کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد قیمت 79.13 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گئی ہے اور یہ 80 ڈالر سے نیچے ٹریڈ کر رہا ہے۔

اسی طرح برینٹ کروڈ آئل کی قیمت میں بھی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے جس میں 4.93 ڈالر فی بیرل کی کمی کے بعد برینٹ آئل 81.56 ڈالر فی بیرل کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔

عالمی توانائی منڈی میں یہ کمی خطے میں جغرافیائی کشیدگی میں کمی اور سپلائی چین سے متعلق خدشات کم ہونے کے باعث سامنے آئی ہے جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:جون کے باقی 13 دنوں میں 6 چھٹیاں، تفصیلات سامنے آگئیں

عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی پاکستان سمیت دنیا بھر کیلئے اچھی خبر ہے کیونکہ کروڈ آئل کی قیمتیں اوپر جانے سے دنیا بھر کی معیشتیں سخت دباو میں تھیں اور مقامی سطح پر ممالک کو تیل کی قیمتیں بڑھانا پڑی تھیں اب قیمتیں کم ہونے کے اثرات بھی سامنے آئیں گے۔

 امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر ڈیجیٹل دستخط ہو چکے ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر جے ڈی وینس نے معاہدے پر دستخط کیے جبکہ ایران کی جانب سے پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے دستاویز کی توثیق کی۔ اس خبر کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں نیچے آئیں اور آنے والے دنوں میں قمتیں مزید گر سکتی ہیں

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران کے ساتھ مفاہمت پر تمام دستخط مکمل ہو چکے ہیں اور آبنائے ہرمز کو پہلے ہی جزوی طور پر کھول دیا گیا ہے جبکہ توقع ہے کہ یہ آبی گزرگاہ جمعہ تک مکمل طور پر کھول دی جائے گی۔

editor

Related Articles