برازیل میں ایک طوطا اس وقت عالمی توجہ کا مرکز بن گیا جب اس پر مبینہ طور پر منشیات فروشوں کو پولیس کی آمد سے خبردار کرنے کا الزام لگا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ دلچسپ واقعہ 2019 میں برازیل کی ریاست پیاؤئی میں پولیس چھاپے کے دوران پیش آیا۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ جیسے ہی اہلکار مشتبہ منشیات فروشوں کے ٹھکانے کے قریب پہنچے، طوطے نے زور زور سے ’ماما، پولیس‘ پکارنا شروع کر دیا، جس کا مطلب ہے ’’امی، پولیس آ گئی‘‘
مقامی رپورٹس کے مطابق یہ طوطا ایک ایسے گھر میں موجود تھا جس کے مکینوں پر منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث ہونے کا شبہ تھا۔ علاقے کے بعض رہائشیوں کا دعویٰ تھا کہ پرندے کو خاص طور پر اس مقصد کے لیے تربیت دی گئی تھی کہ وہ پولیس یا اجنبی افراد کی آمد پر خبردار کرے۔
اس واقعے نے لوگوں کو اس لیے بھی حیران کر دیا کیونکہ طوطے انسانی الفاظ کی نقل کرنے اور مخصوص حالات کے ساتھ الفاظ کو جوڑنے کی غیرمعمولی صلاحیت رکھتے ہیں۔
چھاپے کے بعد جانوروں کے تحفظ کے ادارے طوطے کو اپنی تحویل میں لے گئے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بعد میں مقامی میڈیا نے مزاحیہ انداز میں رپورٹ کیا کہ طوطے نے “تفتیش میں تعاون سے انکار کر دیا”، کیونکہ وہ حکام کے سامنے مکمل طور پر خاموش رہا۔
یہ انوکھا واقعہ آج بھی دنیا کے دلچسپ ترین پولیس چھاپوں میں شمار کیا جاتا ہے، جہاں ایک طوطا مبینہ طور پر جرائم پیشہ افراد کا غیر سرکاری چوکیدار بن گیا تھا۔