مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والی سینئر سیاسی شخصیت افضل حسین تارڑ کا انتقال ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق سینئر سیاستدا ن افضل حسین تارڑ حرکت قلب بند کرنے سے آج انتقال کر گئے۔میاں افضل حسین تارڑ کا سیاسی کیریئر 1990 میں ہوا جب وہ آزاد حیثیت سے ایم این اے منتخب ہو کر مسلم لیگ ن میں شامل ہوئے اور مرتے دم تک میاں نواز شریف کا ساتھ نبھایا ،میاں افضل حسین تارڑ کے سیاسی جانشین ان کی بیٹی سابق وفاقی وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ ہیں۔افضل حسین تارڑ سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری بھی رہ چکے ہیںاور ماضی میں 2بار رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ۔مرحوم کی نماز جنازہ آبائی گاؤں کولو تارڑ میں ادا کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: مسلم لیگ (ن) پنجاب کی قیادت کی نواز شریف سے پارٹی صدارت سنبھالنے کی درخواست
افضل حسین تارڑ کی وفات پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نےگہرے دکھ کا اظہار کیا اور سائرہ افضل تارڑ اور اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ملک وقوم، پارٹی اور علاقے کے لئے اُن کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے بھی پارٹی رہنما افضل تارڑ کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ افضل تارڑ صاحب کی کمی پوری نہیں ہوسکے گی، مریم اورنگزیب نے مرحوم کی مغفرت اور اہل خانہ کے لئے صبرجمیل کی دعا بھی کی۔
نواز شریف کا افضل حسین تارڑ کی وفات پر دکھ کا اظہار
قائد پاکستان مسلم لیگ ن و سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے اپنے دیرینہ ساتھی افضل حسین تارڑ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے۔ میاں نواز شریف نے اپنے تعزیتی پیغام میں سائرہ افضل تارڑ اور دیگر اہل خانہ سے افضل تارڑ کی وفات پر تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا،انہوں نے مرحوم کی مغفرت اور اہل خانہ کے لئے صبر کی دعا کی۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افضل تارڑ ایک نفیس انسان، ذہین سیاستدان اور نہایت بااعتماد بھائی تھے، پارٹی اور ملک و قوم کے لئے افضل تارڑ کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، ان کے ساتھ گزرا وقت انمول اثاثہ ہے، ان کی کمی الفاظ میں بیان نہیں ہوسکتی۔میاں نوازشریف نے مزید کہا کہ افضل تارڑ گھر کے فرد کی طرح تھے، انہوں نے ہمیشہ وفا نبھائی، بہادری و استقامت سے مشکل ترین وقت کا سامنا کیا،مرحوم کی کمی ہر وقت محسوس ہوتی رہے گی۔