صوبائی دارالحکومت لاہور کی اوپن مارکیٹ میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، جہاں گھی اور کوکنگ آئل مزید مہنگا کر دیا گیا ہے ۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق تازہ اضافے کے بعد شہریوں کو روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیا کی خریداری کے لیے پہلے سے زیادہ رقم ادا کرنا پڑ رہی ہے، کریانہ مرچنٹس کے مطابق درجہ اول گھی اور کوکنگ آئل کی قیمت میں 5 روپے فی کلوگرام اضافہ کیا گیا ہے ، اس اضافے کے بعد درجہ اول گھی اور آئل 580 روپے سے 610 روپے فی کلوگرام کے درمیان فروخت ہو رہا ہے۔
اسی طرح درجہ دوم گھی اور کوکنگ آئل کی قیمت میں 10 روپے فی کلوگرام اضافہ کیا گیا ہے ، قیمت میں اضافے کے بعد درجہ دوم گھی اور آئل کی نئی قیمت 570 روپے فی کلوگرام مقرر ہو گئی ہے۔
دوسری جانب درجہ سوم گھی کی قیمت میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ، اس درجے کے گھی کی قیمت میں 30 روپے فی کلوگرام اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد یہ 490 روپے فی کلوگرام میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد گھریلو بجٹ پر مزید دباؤ پڑنے کا خدشہ ہے کیونکہ یہ دونوں اشیا روزمرہ استعمال کی بنیادی ضروریات میں شامل ہیں۔ قیمتوں میں اضافے کے باعث خریدار بھی تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔
اوپن مارکیٹ میں نئی قیمتوں کا اطلاق ہو چکا ہے اور گھی و کوکنگ آئل کی تمام متعلقہ اقسام مقررہ نرخوں پر فروخت کی جا رہی ہیں، جبکہ شہری بڑھتی مہنگائی کے باعث اپنے اخراجات کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔