پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والی ون ڈے سیریز سے قبل آسٹریلوی ٹیم کو بڑا دھچکا لگ گیا ہے، جہاں ٹیم کے کپتان مچل مارش انجری کے باعث سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ون ڈے میچ 30 مئی کو راولپنڈی میں شیڈول ہے۔
اس حوالے سے کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق کپتان مچل مارش ٹخنے کی انجری کے باعث ون ڈے سیریز نہیں کھیلیں گے۔
کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ وکٹ کیپر جوش انگلس سیریز میں ٹیم کی قیادت کریں گے، مچل مارش علاج اور مزید معائنے تک پرتھ میں رہیں گے۔
کرکٹ آسٹریلیا نے کہا کہ بنگلادیش کے خلاف وائٹ بال سیریز میں مچل مارش کی دستیابی کا فیصلہ بعد میں ہو گا۔
واضح رہے کہ پاکستان آسٹریلیا کی ون ڈے سیریزکا آغاز 30 مئی سے ہورہا ہے ، آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم 23 مئی کو اسلام آباد پہنچی، ون ڈے سیریز کے میچز 30 مئی، 2 اور 4 جون کو کھیلے جائیں گے۔
ماہرین کے مطابق مچل مارش کی عدم موجودگی آسٹریلوی ٹیم کے لیے بڑا نقصان ثابت ہو سکتی ہے، کیونکہ وہ نہ صرف ٹیم کے کپتان ہیں بلکہ بیٹنگ لائن اپ کا اہم حصہ بھی سمجھے جاتے ہیں، پاکستان کے خلاف سیریز میں اب جوش انگلس پر قیادت کی اضافی ذمہ داری بھی ہوگی۔