اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے بات چیت کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان پر انڈہ پھینک دیا گیا
اطلاعات کے مطابق علیمہ خان جب میڈیا نمائندوں سے گفتگو کر رہی تھیں تو اسی دوران نامعلوم افراد نے ان پر دو انڈے پھینک دیے جن میں سے ایک انڈہ انہیں جا لگا۔ اس واقعے کے بعد کارکنان مشتعل ہوگئے اور شور شرابہ شروع کر دیا جبکہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو خواتین کو حراست میں لے کر اڈیالہ چوکی منتقل کردیا۔
واقعے سے پہلے بھی علیمہ خان سے سخت نوعیت کے سوالات کیے گئے تھے جس پر پی ٹی آئی کے کارکن برہم ہوگئے اورپی ٹی آئی رہنما سیمابیہ طاہر نے بھی برہمی کا اظہار کیا،صورتِ حال کشیدہ ہونے پر علیمہ خان سوالات کے جواب دینے کے بجائے اپنی گاڑی میں جا بیٹھیں۔
بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ ہوا کا رخ بدل چکا ہے عوام کے غصے اور خوف کو دیکھ لیں لوگ ظلم کو کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے پولیس اہلکار خود ہم سے کہہ رہے ہیں کہ وہ بھی تنگ آ چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فروری کو عوام کھڑے ہوئے تھے اور آج بھی ڈٹے ہوئے ہیں۔ عمران خان ہمیشہ جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کی بات کرتے ہیں لیکن ان کے مخالفین ان کی آواز دبانا چاہتے ہیں۔