پاکستان سمیت دنیا کے مختلف علاقوں میں چاند گرہن کا آغاز ہو گیا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق ایشیا، افریقہ اور یورپ میں مکمل چاند گرہن سپر بلڈ مون جاری ہے۔
پاکستان میں جزوی چاند گرہن رات 9 بج کر 27 منٹ پر شروع ہوگیا ہے، جبکہ مکمل چاند گرہن رات 10 بج کر 31 منٹ پر ہوگا، گرہن عروج پررات 11 بج کر 12 منٹ پر پہنچے گا اور رات 1 بج کر 55 منٹ پر یہ ختم ہو جائے گا۔
ماہرین کے مطابق اس دوران پاکستان میں بھی مکمل سرخ چاند دیکھا جا سکے گا جب گرہن اپنے عروج پر ہوگا تو چاند سفید کی بجائے سرخ رنگ میں نظر آئے گا، جو ایک نادر فلکیاتی منظر ہے۔
چاند گرہن کو یورپ، ایشیا، آسٹریلیا، افریقہ، شمالی امریکہ کے مغربی حصے اور جنوبی امریکہ کے مشرقی حصے میں دیکھا جا سکے گا۔ اس کے علاوہ بحرالکاہل، بحرِ اوقیانوس، بحرِ ہند، آرکٹک اور انٹارکٹیکا کے علاقوں میں بھی اس مظہر کا مشاہدہ ممکن ہوگا۔
ایک اندازے کے مطابق سات ارب سے زائد لوگ بلڈ مون اور سورج گرہن کو دیکھیں گے ۔