پاکستان کے ٹی20 کپتان سلمان علی آغا نے آل راؤنڈر محمد نواز کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان کے ساتھ فائنل میچ کے ہیرو یقیناً محمد نواز ہیں لیکن ٹیم بھرپور کارکردگی دکھائی۔
اتوار کو شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں افغانستان کے خلاف سہ فریقی سیریز کے فائنل میں ٹیم نے کم اسکور کے باوجود زبردست کارکردگی کامظاہرہ کرتے ہوئے افغانستان کو141 رنز کے آسان ہدف پر افغانستان کی ٹیم کو 75 رنز کے واضح فرق سے شکست دے کر سہ فریقی سیریز جیت لی۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سلمان علی آغاز نے کہا کہ ٹیم نے کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے 2 اسپنرز کھلانے کا فیصلہ کیا تھا، جو کارگر ثابت ہوا اس میں محمد نواز کی واپسی قابلِ تعریف ہے‘۔
سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ ٹیم ایشیا کپ کے لیے بھرپور تیاری کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’ہم ایسی تیاری کر رہے ہیں جو ایشیا کپ میں ہمارے کام آئے گی‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز سے ہی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
دوسری جانب، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین سید محسن رضا نقوی نے قومی ٹیم کو سہ فریقی سیریز میں شاندار کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے محمد نواز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اُن کی ہیٹ ٹرک اور بلے بازی میں اہم اننگز نے ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔
محمد نواز کی آل راؤنڈ کارکردگی اور ٹیم کی شاندار فتح نے ایشیا کپ سے قبل قومی ٹیم کا حوصلہ مزید بلند کر دیا ہے۔