وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی، جس میں انہوں نے دوحہ میں اسرائیلی افواج کی جانب سے کی جانے والی غیر قانونی اور بہیمانہ بمباری کی شدید مذمت کی۔ اس حملے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع اور شہری املاک کو نقصان پہنچا۔
وزیراعظم نے امیر قطر، شاہی خاندان اور قطری عوام کے ساتھ گہری ہمدردی اور مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا یہ حملہ اس کی قیادت کی اس ذہنیت کو ظاہر کرتا ہے جو اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتی ہے۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ یہ جارحیت قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہے، جو خطے کے امن اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
وزیراعظم نے امیر قطر کو یقین دلایا کہ پاکستان، اسرائیلی جارحیت کے خلاف قطر کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہے اور اس نازک موقع پر مسلم امہ کے اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔
امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے وزیراعظم کے ٹیلیفون اور مشکل وقت میں پاکستان کی جانب سے اظہارِ یکجہتی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کا عکاس ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے رابطے مسلسل جاری رکھے جائیں گے۔