مربوط منصوبہ بندی ناگزیر، ریاست ہر سال قیمتی جانوں اور املاک کے ضیاع کی متحمل نہیں ہو سکتی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

مربوط منصوبہ بندی ناگزیر، ریاست ہر سال قیمتی جانوں اور املاک کے ضیاع کی متحمل نہیں ہو سکتی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

پاک فوج کے سربراہ اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ہفتہ کے روز پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا ہے اور کہا ہے کہ قیمتی جانوں اور املاک کے ضیاع سے بچاؤ کے لیے مربوط منصوبہ بند ناگزیر ہے۔

یہ بھی پڑھیں:یوم دفاع : فیلڈ مارشل اور سروسز چیفس کا شہداء کو خراج عقیدت

پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل نے قصور سیکٹر، ملتان اور جلال پور پیروالہ کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال اور جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ چیف سیکرٹری پنجاب سمیت سول انتظامیہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

تفصیلی بریفنگ اور عوامی ملاقاتیں

فیلڈ مارشل کو ان علاقوں میں سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال، متاثرہ آبادی اور جاری امدادی کارروائیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ دورے کے دوران انہوں نے مقامی افراد سے ملاقات بھی کی اور ان کے مسائل سنے اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

انہوں نے سیلابی پانی سے متاثرہ انفراسٹرکچر، رہائشی علاقوں اور کھیتوں کا بھی فضائی معائنہ کیا اور امدادی کارکنوں سے بھی بات چیت کی۔

سول و ملٹری ہم آہنگی پر زور

فیلڈ مارشل نے اس دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سول اور فوجی اداروں کے درمیان ہم آہنگی وقت کی ضرورت ہے تاکہ متاثرین کو بروقت اور مؤثر امداد فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست ہر سال قیمتی جانوں اور املاک کے ضیاع کی متحمل نہیں ہو سکتی، اس لیے مربوط منصوبہ بندی، مؤثر گورننس اور جدید انفراسٹرکچر کی ترقی ناگزیر ہے۔

بحالی اور انفراسٹرکچر کی ترقی پر زور

فیلڈ مارشل نے کہا کہ بار بار آنے والے سیلابوں سے نمٹنے کے لیے حفاظتی بند، نکاسی آب کا مؤثر نظام اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ بحالی کے عمل کو تیز کیا جائے تاکہ متاثرہ آبادی جلد از جلد معمولاتِ زندگی کی طرف لوٹ سکے۔

مزید پڑھیں:وفاقی حکومت کا سیلاب متاثرین کیلیے بجلی بلز میں بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ

پاک فوج کا عزم

فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک فوج ہر مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور امدادی و بحالی کے کاموں میں سول انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے امدادی سرگرمیوں میں مصروف افسران اور جوانوں کی خدمات کو سراہا اور ان اقدامات کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔

ریلیف سرگرمیوں میں تیزی کی ہدایت

انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ریلیف کے کاموں کو فوری طور پر تیز کیا جائے، تاکہ سیلاب متاثرین کی مشکلات کم ہو سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلیف میں تاخیر عوامی تکلیف میں اضافے کا باعث بنتی ہے، جسے ہر حال میں روکنا ہوگا۔

عوامی بہبود اولین ترجیح

فیلڈ مارشل نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود اور تحفظ حکومت اور فوج کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ اس سلسلے میں شفافیت، نظم و ضبط اور مؤثر فیصلے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے گڈ گورننس، مستحکم پالیسی سازی اور زمینی سطح پر عملدرآمد کی اہمیت پر بھی زور دیا۔  فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امدادی سرگرمیوں میں مصروف فوجی جوانوں، ریسکیو 1122 کے اہلکاروں اور پولیس افسران سے بھی ملاقات کی اور ان کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ تیاری اور خلوصِ نیت سے انجام دی جانے والی دن رات کی کوششوں کو سراہا۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *