قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم الثانی نے اسرائیل کے دوحہ میں حملے کے خلاف عرب، اسلامی ممالک اور دوست ملکوں کی جانب سے یک جہتی پر شکریہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حملے کا جواب ٹھوس اور مؤثردیا جانا چاہیے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان نے دوحہ میں عرب-اسلامی ہنگامی اجلاس کے سلسلے میں وزرائے خارجہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عرب اور اسلامی ممالک نے قطر پر اسرائیل کے بربریت آمیز حملے کی مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عرب اور اسلامی ممالک قطر کو اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے تعاون کریں گے۔ قطری وزیراعظم نے کہا کہ ہم برادر عرب اور اسلامی اور عالمی برادری سے دوست ممالک کی جانب سے اظہار یک جہتی اور اسرائیلی بربریت اور حملے کی مذمت کرنے پر شکرگزار ہیں۔
شیخ محمد نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری دوہرا معیار ترک کردے اور اسرائیل کو اس کے کیے ہوئے تمام جرائم پر جواب دہ ٹھہرائے۔ قطری وزیراعظم نے کہا کہ اس حملے کا جواب ٹھوس اور مؤثردیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملہ اقوام متحدہ چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے بین الاقوامی برادری دہرا معیار ترک کرے اسرائیل کو جرائم پر جوابدہ ٹھہرانے کا وقت آچکا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام کی جبری بےدخلی کی سازش کامیاب نہیں ہو گی اسرائیل کی نسل کش جنگ جھوٹےجواز کے باوجود ناکام ہو گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل نے امن تجاویز مسترد کر کے جنگ کو مزید پھیلا دیا، خطے کی اقوام اور خود اسرائیلی عوام کو بھی سنگین خطرات لاحق ہیں۔