میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے قومی ٹیم سے معافی مانگ لی

میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے قومی ٹیم سے معافی مانگ لی

میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستان ٹیم کے کپتان اور منیجر سے معافی مانگ لی۔

آئی سی سی نے اعلان کیا ہے کہ وہ 14 ستمبر کو کھیلے گئے پاک بھارت میچ میں بے ضابطگیوں کی انکوائری کرائے گا۔

یاد رہے کہ اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستان اور بھارت کے میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے کپتانوں کو مصافحہ کرنے سے منع کر دیا تھا، جس پر اعتراض اٹھایا گیا تھا۔

قبل ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے ایکس پر لکھا ہے کہ پاکستان ٹیم کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم روانہ ہونے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے مزید لکھا کہ  مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ ٹیم کی جانب سے واضح ہدایت ملنے کے بعد قومی ٹیم اسٹیڈیم کے لئے روانہ ہوگئی ہے۔

ٹی20 ایشیا کپ میں میچ ریفری کی تبدیلی کے معاملے پر ڈیڈلاک برقرار ہے جس کے باعث ٹی20 ایشیا کپ میں پاکستان اور یو اے ای کے درمیان شیڈول میچ ایک گھنٹے کی تاخیر کا شکار ہوگیا ہے۔

پی سی بی کے ترجمان کے مطابق میچ کے حوالے سے مشاورتی عمل تاحال جاری ہے۔ اسی سلسلے میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سابق چیئرمینز رمیز راجہ اور نجم سیٹھی کو بھی مشاورت کے لیے طلب کرلیا ہے۔

مشاورتی عمل مکمل ہونے کے بعد میچ کے انعقاد کے حوالے سے حتمی فیصلہ سامنے آئے گا۔

جس کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کچھ دیر میں لاہور میں میڈیا سے گفتگو کریں گے، ٹیم کے کھلاڑیوں کو واضح ہدایت کی گئی ہے کہ میچ نہیں ہوگا، لہٰذا وہ اپنے کمروں میں واپس چلے جائیں۔

اس سے قبل اطلاع ملی تھی کہ پاکستانی کھلاڑی اسٹیڈیم روانہ ہوسکتے ہیں۔ کھلاڑیوں کا سامان بس میں رکھ دیا گیا تھا اور کچھ کھلاڑی بس میں بیٹھ بھی گئے تھے، تاہم بعد میں اچانک فیصلہ بدل دیا گیا اور ٹیم کو اسٹیڈیم جانے سے روک دیا گیا۔ کھلاڑیوں کو لانے والی بس بھی روانہ کردی گئی ہے، جبکہ اس میں رکھا کھلاڑیوں کا سامان بھی نہیں اتارا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں اعلیٰ سطح پر مشاورتی عمل جاری ہے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، سلمان نصیر اور دیگر اعلیٰ عہدیدار اس وقت میٹنگ میں شریک ہیں۔

ذرائع کے مطابق اگر میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ معذرت کر لیں تو معاملہ ختم ہوسکتا ہے۔ معافی کی صورت میں پاکستان ٹیم یو اے ای کے خلاف میچ کھیلنے پر غور کر سکتی ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *